وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے شیعہ، سنی کو متحد ہونا ہوگا، خوشنودی خدا حاصل کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں فلاح پاسکتے ہیں، سیرت محمد (ص) و آل محمد (ص) پر چلنے میں ہی ہماری نجات ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی رہنماء سید اقبال حسین شاہ کی رسم قل کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں درپیش مسائل کی اصل وجہ احکامات خداوندی سے دوری ہے، اسلام ہمیں انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے، رسول خدا (ص) کی شفاعت حاصل کرنے کیلئے ہمیں پہلے اپنے گھروں میں حقیقی اسلام نافذ کرنا ہوگا، دشمن نے شیعہ، سنی کو تقسیم کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن علمائے حق نے دشمن کی ان تمام تر سازشوں کو اتحاد و وحدت کا درس دیتے ہوئے ناکام بنادیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم شیعہ، سنی وحدت کو فروغ دیں، گلی، محلوں میں ہم ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوں، اسی وحدت کے ذریعے ہی ہم ملک کو امن کا گہوارہ بناسکتے ہیں۔