وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی اسلام آباد میں منعقدہ دوروزہ مرکزی میڈیا ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی۔ میڈیا ورکشاپ میں پاکستان کے تمام صوبوں اور اضلاع کے میڈیا سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، علامہ شفقت حسین شیرازی، مرکزی میڈیا سیکرٹری محمد مہدی عابدی اور مختلف ٹی وی چینلز کے اینکر حضرات اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی اور اظہارخیال کیا۔ ورکشاپ میں صحافتی عنوان سے لیکچرز اور خصوصی کلاسز کا اہتمام کیا گیا۔ ورکشاپ کے دوسرے روز سال بھر میں بہترین کارکردگی کے حامل صوبے اور اضلاع کے میڈیاکوارڈینیٹرز میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ بہترین صوبے کا انعام سندھ کو دیا گیا جبکہ پنجاب دوسرے نمبر پر رہا۔ اسی طرح ملک بھر سے بہترین ضلع کا انعام اور سرٹیفیکٹ ضلع ملتان کے میڈیا کوارڈینیٹر ثقلین نقوی کو دیا گیا۔ اس موقع پر ثقلین نقوی نے کہا کہ انشااللہ اس سال بھی مجلس وحدت مسلمین ملتان کی کارکردگی دیگر اضلاع سے بہتر ہوگی۔ واضح رہے کہ ثقلین نقوی مجلس وحدت مسلمین کے آغاز سے ہی بہترین ضلعی کوارڈینیٹر کا انعام حاصل کرتے آرہے ہیں ۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، علامہ محمد امین شہیدی اور مرکزی سیکرٹری میڈیا سیل مہدی عابدی نے اپنی نیک خواہشات کااظہار کیا اور آئندہ بھی اسی طرح کی فعالیت کرنے پر زور دیا۔