وحدت نیوز( اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کے ترجمان علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ مساجد وامام بارگاہوں پر مسلسل حملے حکومت کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہیں اے پی سی کے فیصلوں کے باوجود آج بھی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنے سے گریز کر رہی ہے جو حکومت کی دہشتگردوں سے ہمدردی کا ثبوت ہے ایک طرف توحکمران دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے بلندو بانگ دعوے کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف انہی دہشتگردوں سے مل کر انہیں بے گناہ ہونے کی کلین چٹ دے دینا او ر انکو اس بات کی یقین دہانی کرانا کہ انکے خلاف کوئی کاروائی نہیں ہو گی وطن عزیز اور عوام کے ساتھ کھلی غداری ہے حکمرانوں کو دوہرا معیار ختم کرنا ہو گا اور ان مٹھی بھر تکفیری سوچ کے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن آپریشن کرنا ہو گا تاکہ ملک سے دہشتگردی جیسے ناسور کا مکمل خاتمہ ہو اور ملک امن کا گہوارہ بن جائے اس سے پہلے کہ عوام خود اپنے تحفظ اور ان مٹھی بھر دہشتگرد عناصر کے خاتمے کے لیے میدان میں آ جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ شہداء شکریال راولپنڈی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کیا۔علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ اب شیعہ سنی،سول سوسائٹی اور تمام محب وطن قوتوں کو ملکر ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ اور اسکے سہولت کاروں کو بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جب تک ان مدارس اور مساجد جو کہ ان دہشتگردوں کی پناہ گاہیں بن چکی ہیں کے خلاف کاروائی نہیں ہو گی وطن عزیز میں دہشتگردی کا خاتمہ ناممکن ہے ۔سانحہ پشاور کے ننھے پھولوں کے شہیدوں سے لیکر سانحہ شکار پور،سانحہ پشاور امامیہ مسجد،سانحات روالپنڈی کے شہداء کے لواحقین آج بھی اپنے شہداء کے قاتلوں کو سولی پر لٹکتے دیکھنے کے انتظار میں ہیں۔