مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے ترجمان کے مطابق 21 اکتوبر بروز اتوار شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی کے چہلم پر ’’لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس‘‘ الحمراء ہال نمبر 2 لاہور میں منعقد ہوگی، جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام شریک ہوں گے۔ کانفرنس کا مقصد ناموس رسالت (ص) کی تحریک کو تقویت دینا اور لوگوں کو اس بابرکت مقصد کے لئے عاشقان رسول (ص) کو مزید آمادہ و تیار رکھنا ہے۔
لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری کا خصوصی خطاب بھی ہو گا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجلس وحدت مسلمین پنجاب مظاہر شگری کے بیان کے مطابق لاہور بھر میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے دعوت نامے تقسیم کئے جا چکے ہیں اور امید ہے کہ بیداری امت مصطفٰی (ص) کے لئے یہ کانفرنس سنگ میل ثابت ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ناموس رسالت (ص) کی اس تحریک کو اُس وقت تک جاری رکھے گی جب تک گستاخان رسالت مآب (ص) اپنے انجام کو نہیں پہنچ جاتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ملالہ ڈرامے اور وزیرستان میں آپریشن جیسے ہتھکنڈوں سے تحریک ناموس رسالت (ص) سے امت کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے، لیکن اسے اس سازش میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ امت بیدار ہے اور استعمار کی سازشوں کو سمجھتی ہے۔