وحدت نیوز(راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیوایم صوبہ سینٹرل پنجاب علامہ عبد الخالق اسدی نے کہا کہ عظیم الشان قرآن واہل بیت کانفرنس میں شریک ہونے پر پنجاب بھر کے اضلاع و ڈویژن کے قافلوں کے شرکاء کا شکریہ اداکرتاہوں، سرگودھا ڈویژن، کجرانوالہ، قصور، لاہور، ساہیوال، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، جڑانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو اس اجتماع کے میزان بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ جن کی قیادت کا دو رانتہائی مختصر دورانئے پر مشتمل ہے لیکن ان کے اصول اور چھوڑا ہوا راستہ مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں، پنجاب بھرمیں جہاں بھی جاتاہوں قوم شہید قائد کو آج بھی بھرپور محبت کی نگاہ سےدیکھتی اور یاد کرتی ہے ۔عزاداری سید الشہداء کے انعقا د کے راستے میں رکاوٹیں انتہائی افسوس ناک پہلو بنتا جارہاہے، پنجاب بھرکے اضلاع میں پولیس افسران جوکہ جرائم کی سراغ رسانی میں لگے ہوتے تھے آج مظلوم عزاداران امام حسینؑ کے پیچھے پڑ گئے ہیں، انہوں نے یہ سمجھ لیا ہے کہ ہمیں ان بے جا مقدمات ، شیڈول فور، ہراسمنٹ سے ہمیں عزاداری سے روک لیں گے یہ ان کی بھول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوریامقبول جیسےخودساختہ دانشور عزاداری کو محدود کرنے کے خواب دیکھتے ہیں، ہم کٹ سکتے ہیں، مرسکتے ہیں، قید ہوسکتے ہیں، مقدمات کا سامنا کرسکتے ہیں لیکن عزاداری سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔عزاداری کو ہراساں کرنا کسی صورت درست نہیں عزاداری قیام پاکستان سے بھی پہلے سے منعقد ہورہی ہے ،قانون کے ناجائز استعمال سے شیعیان حیدرکرارؑ کو خوفزدہ نہیں کیاجاسکتا ۔ عزاداری کے جلوسوں اور روٹس سے ایک منٹ اور ایک انچ کیلئے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ایف آئی آر ز کے نام پر طوفان بدتمیزی مچا رکھا ہے ۔ جس قوم نے ہزاروں نے شہید پیش کیئے جن نے منظم نسل کشی کا سامنا کیا اسے ایف آرآرز سے ڈرایا نہیں جاسکتا ۔