وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین ضلع شاہدرہ، لاہور کے انٹرا پارٹی الیکشن مسجد و امام بارگاہ امام موسی کاظم (ع) امامیہ کالونی شاہدرہ میں منعقد ہوئے، جس میں ضلع کے تمام یونٹس اراکین شریک ہوئے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے فرائض علامہ عبدالخالق اسدی کی نگرانی میں سید حسن کاظمی اور علامہ سید حسن ھمدانی نے سر انجام دیئے۔
صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی نے عمائدین شہر اور کارکنان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین مخلصین، وطن دوست اور اسلامی اقدار کے محافظ افراد پر مشتمل ایک الہی کاروان ہے، جو ظلم کیخلاف جدوجہد میں مصروف ہے، ان شاءاللہ وطن عزیز کی ترقی و استحکام اور استعماری قوتوں کیخلاف ہم ہر فورمز پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اپنے خطاب میں سید حسن کاظمی نے آنیوالے تنظیمی عہدے داروں کو خوش آمدید کہا اور تنظیمی طور پر ضلع شیخوپورہ کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی وجوہات اور افادیت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں خصوصی طور پر علامہ سید وقارالحسنین نقوی نے شرکت کی اور الیکشن پراسیس کو مانیٹر کیا۔ ضلعی شوریٰ نے بھاری اکثریت سے علامہ سید قمر عباس شمسی کو آئندہ تین سال کیلئے ضلعی میر کارواں منتخب کیا۔