وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے کہا ہے کہ حالات و واقعات تقاضا کرتے ہیں کہ ہم خود اپنی قوت بازو کی بنیاد پر اپنی حفاظت کا انتظام کریں۔ پولیس، رینجرز اور دیگر سکیورٹی ادارے ہمارے عزاداری کے اجتماعات کی حفاظت کیلئے معاون تو ہوسکتے ہیں لیکن ان پر تکیہ کرکے ہم غفلت نہیں برت سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جعفرطیار سوسائٹی کراچی میں رضاکاران جعفر طیار کے دفتر کے دورے کے دوران جعفر طیار سوسائٹی میں سکیورٹی مانیٹرنگ روم اور سکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے رہنماء علامہ دیدار علی جلبانی، علامہ علی انور، مبشر حسن ، سجاد اکبر ، ضلعی سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی و دیگر عہدیداران بھی وجود تھے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے رضاکاران جعفر طیار کو پانچ سی سی ٹی وی آئی پی سکیورٹی کیمرے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ مزید سکیورٹی کیمروں، واک تھرو گیٹ، وائرلیس فون سیٹ سمیت دیگر سامان بھی جلد فراہم کر دیا جائے گا۔
رضاکاران جعفر طیار کے عہدیداران اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ جعفر طیار سوسائٹی کے مومنین اور خصوصاً رضاکاران جعفر طیار کی جانب سے سکیورٹی کیلئے کی جانی والی خدمات انتہائی قابل ستائش و تقلید ہے۔ اس موقع پر علامہ امین شہیدی نے کہا کہ آج مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پانچ سی سی ٹی وی کیمرے دیئے گئے ہیں اور جیسا کہ بتایا گیا ہے کہ مزید کیمروں اور سامان کی ضرورت ہے۔ انشاءاللہ بہت جلد ضرورت کے مطابق مزید سکیورٹی کیمرے، واک تھرو گیٹ، وائرلیس فون سیٹ سمیت دیگر سامان فراہم کر دیا جائے گا۔ واضح رہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے پاکستان کے 90 سے زائد شہروں میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے خطرات کے پیش نظر اس قسم کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور سکیورٹی کیمروں، واک تھرو گیٹ، وائرلیس فون سیٹ سمیت دیگر حفاظتی سامان فراہم کیا جا رہا ہے۔