ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ نے اسلام ٹائمز کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ قطر، سعودی عرب و دیگر عرب ممالک کی منافقانہ پالیسی سے فلسطین اور فلسطین کے مقصد کو نقصان ہوا۔ جہان عرب میں واحد ملک جو فلسطین اور فلسطینیوں کو سپورٹ کرتا تھا اور استعماری طاقتوں کے خلاف مدمقابل رہا وہ شام ہے۔ آپ دیکھ لیں کہ لبنان اور اسرائیل جنگ میں شام نے لبنان کا ساتھ دیا اور اسی طرح ایران عراق جنگ میں بھی شام نے ایران کا ساتھ دیا۔ یعنی شام کی پالیسیاں شروع سے ہی جہان اسلام کے حق میں رہی ہیں۔
اسلام ٹائمز: حکومت کی منتقلی نواز لیگ کو ہو چکی ہے، دو ماہ مکمل ہونے کو ہیں لیکن بھی مذاکرات کی باتیں جاری ہیں جبکہ دوسری جانب واقعات در واقعات ہورہے ہیں، اس پورے منظر نامے کو کس طرح سے دیکھتے ہیں؟
علامہ ناصر عباس جعفری: پاکستان میں جو حالیہ الیکشن ہوئے، یہ ایسے انتخابات تھے کہ جس میں جیتنے والے بھی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے اور ہارنے والے بھی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے۔ نواز شریف صاحب بھی کہتے ہیں کہ دھاندلی ہوئی ہے اور پی پی پی بھی کہتی ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے اور عمران خان کا بھی یہی کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ پس اس انتخابات پر ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہر جماعت کی طرف سے سوالیہ نشان ہے اور عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔ ہر پارٹی کو کسی حد تک اتنا شیئر دے دیا گیا تھا کہ وہ زیادہ شور نہ کرے اور اس پر ہی راضی ہو جائے۔ اب چونکہ حکومت بن گئی ہے تو اب اس کی ذمہ داری ہے کہ عوام کو بنیادی تحفظ فراہم کریں۔ اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور ناامنی کا ہے۔ ہمارے ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے مال، جان اور نفوس کی حفاظت کریں۔ پچھلی حکومت تو پانچ سال ناکام رہی ہے اور کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کر سکی۔ پچھلی حکومت کے دور میں ناامنی، دہشت گردی، معاشی مسائل و دیگر بحران میں شدت آئی۔ گزشتہ حکومت کی خارجہ و داخلہ پالیسی ان مسائل کو حل نہ کر سکی۔ اسی طرح انرجی کرائسز بڑھ گئے اور آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت بھی دہشت گردی عروج پر ہے۔
پاکستان کو ان بڑے مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لیے راہ حل تلاش کرنا ہوگا اور اس کے لیے بڑے فیصلے کرنے ہوں گے۔ ان بنیادی فیصلوں میں جب تک پاکستان کو جہاں اس کی جگہ بنتی ہے وہاں پر نہیں لایا جائے گا تب تک پاکستان ان مسائل کی دلدل سے باہر نہیں نکل سکتا۔ امریکہ اور اس کے حواری، سعودیہ پاکستان میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا چکے ہیں۔ بس پاکستان کو اس بلاک سے باہر نکالنا ہو گا۔ امریکن بلاک پاکستان کو طاقتور نہیں دیکھنا چاہتا کیونکہ وہ ہمیشہ اپنے مفادات و مقاصد کو ترجیح دیتا ہے۔ امریکہ اور اس کے حواری ممالک کو طاقتور پاکستان ایک نظر نہیں بھاتا، یعنی یہ ممالک چاہتے کہ پاکستان ہمیشہ کمزور ہی رہے تاکہ وہ پاکستان میں اپنی مرضی سے جو چاہے کھیل سکیں۔ کمزور پاکستان انرجی کرائسز کا شکار ہوگا، جس میں ناامنی عروج پر ہوگی اور دہشت گردی عام ہوگی۔
جب حکومتیں کمزور ہوتی ہیں تو طاقتور گروپ وجود میں آتے ہیں اور ان کا اپنا ایک دائرہ کار بن جاتا ہے۔ جب سے پاکستان امریکن بلاک میں گیا ہے تب سے پاکستان وہ باقی ماندہ پاکستان نہیں رہا بلکہ روز بروز کمزور سے کمزور تر ہوتا جا رہا ہے۔ اگرچہ پاکستان کمزور ملک ہے، جس میں ادارے کمزور ہیں، حکومت بے بس ہے۔ وزیر داخلہ اور واپڈا کے وزیر ہمیں بتاتے ہیں کہ حالات بہت خراب ہیں، یہ ہونا چاہیے، بھائی ہمیں آپ سے خبریں تو نہیں چاہیے، یہ تو ہمیں بھی پتا ہے کہ اس وقت پاکستان میں کیا ہے اور کیا نہیں ہے۔ ہم آپ سے خبریں سننا نہیں چاہتے۔ یہ سب ہم جانتے ہیں۔ ہمیں پلاننگ چاہیے، منصوبہ بندی چاہیے، یعنی کیا آپ کے پاس درست راستہ ہے کہ جس سے پاکستان کے حالات کو بہتری کی طرف لے جایا جا سکے۔ اس میں اولین ترجیح پاکستان کے مفادات ہیں۔ اس میں نہ امریکہ اور نہ ہی سعودی عرب و دیگر ممالک کے مفادات ہیں۔ ہمارے حکمرانوں کے لیے بھی اولین ترجیح پاکستان ہونی چاہیے۔ ہمیشہ پاکستان کی عوام کے مفادات کی بات کرنی چاہیے۔ حکومت کی پہلی ترجیح امن ہونی چاہیے اور اس کے بعد پھر انرجی کرائسز ہے اور اسی طرح دیگر مسائل ہیں۔
جس ملک میں قانون کی حکومت نہیں ہوتی، وہاں کے نہ معاشی حالات سدھرتے ہیں اور نہ ہی کوئی مسئلہ حل ہو گا۔ ملک کے اندر دہشت گرد دندناتے پھرتے ہیں اور انہیں لگام دینے والا کوئی نہیں۔ پشاور سے لے کر کراچی تک آپ نگاہ دوڑا کر دیکھ لیں کہ ہر جگہ پر افغان لوگوں نے قبضہ کیا ہوا ہے اور ان کی دکانیں اور تجارت بہت زیادہ ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا پڑے گا کہ ناجائز اسلحے کے ساتھ کس طرح پیسہ کما رہے ہیں، یہ عام مسائل ہیں۔ چونکہ کمزور پاکستان امریکہ اور اس کے حواریوں کو اچھا لگتا ہے، اس لیے یہ تمام بحران انہوں نے کھڑے کیے ہیں۔ پس ہمارے حکمرانوں کو اپنے وطن کی خاطر ایک مضبوط نظام حکومت قائم کرنے کے لیے، قانون کی حکمرانی کو آگے بڑھانے کے لیے ایک اچھا نظام بنانا چاہیے، چیزوں کا درست استعمال درست سمت میں کرنا چاہیے۔ پاکستان کا آئین اور دستور جو نہیں مانتا وہ باغی ہے اور باغیوں کے ساتھ جیسا سلوک کرنا چاہیے، ویسے برتاؤ کرنا چاہیے۔ ہمیں چاہیے کہ جو دہشت گرد ہیں، ان کے ساتھ آ ہنی ہاتھوں کے ساتھ ملنا چاہیے۔
اسلام ٹائمز: ہم نے دہشت گردی کی وجہ سے اپنے پیاروں کی بہت سی لاشیں اٹھا چکے ہیں، اکثر جماعتوں کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ مذاکرات کرنے چاہیں،حتیٰ علامہ ساجد علی نقوی نے بھی کہا کہ اگر طالبان کے ہتھیار ڈالنے کی گرانٹی مل جائے تو ان سے مذاکرات ہوسکے ہیں، آپ کیا کہتے ہیں۔؟
علامہ ناصر عباس جعفری: جو دہشت گردوں کو سپورٹ کرتے ہیں اور جن ممالک کے پاکستان میں مکروہ عزائم ہیں اور ان کی وجہ سے آئے دن بے گناہ پاکستانی مار رہے ہیں۔ پاکستان میں بھتہ خوری عروج پر ہے، نہ عام آدمی محفوظ ہے اور نہ ہی کو وی آئی پی شخصیت محفوظ ہے اور نہ ہی سیکورٹی کے ادارے محفوظ ہیں۔ یہ ایک ایسا خطرناک قسم کا مافیہ پاکستان میں وجود میں آیا ہوا ہے جو سوائے نقصان کے اور کچھ نہیں کر سکتا۔ پاکستان کے اندر ایسے لوگوں کا ٹھکانہ موجود ہونا، انہیں جہادی تربیت دینا اور انہیں اسلحہ فراہم کرنا ہمارے ریاستی و سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ بائیں جماعت والے لوگ ان کی حمایت نہیں کرتے اور کارروائی کا تقاضا کرتے ہیں جبکہ دائیں جماعت والے لوگ ان کے بارے میں نرم گوشہ رکھتے ہیں کہ ان کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں۔ اگر آپ دیکھیں کہ پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں نفوذ کر جانا اور ریاستی اداروں کو نقصان پہنچانے میں دائیں جماعت والے لوگ شامل ہیں، جماعت اسلامی، جے یو آئی اور مختلف دینی و سیاسی جماعتیں دائیں بازو کی جماعتیں کہلاتی ہیں حتیٰ کہ مسلم لیگ ن بھی انہی دائیں جانب والوں میں شامل ہے۔ انہوں نے ہی افغانستان کے حوالے سے ایک پالیسی بنائی، اسی پالیسی سے پاکستان کے اندر دہشت گردی آئی۔ پاکستان میں لوگوں کو لایا گیا اور انہیں جہادی تربیت دی گئی اور انہیں اسلحہ فراہم کیا گیا۔ اگر پاکستان کے ساتھ دائیں جانب والے لوگوں کو یا کسی کو بھی محبت ہوتی، یعنی اگر دیکھیں کہ اتنی بھاری مینڈنٹ سے جیت کر حکومت میں آنے والی جماعت کو دیکھنا چاہیے کہ عوام نے انہیں اس لیے ووٹ دیا تاکہ وہ حکومت میں آ کر قانون و دستور کی حکمرانی کریں اور دہشت گردوں کو جو کہ پاکستان کے دستور و آئین کو نہیں مانتے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے اور پاکستان میں امن قائم کیا جائے۔ اگر حکومت اس کے خلاف عمل کرتی ہے تو یہ اپنی عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردوں کو ڈیڈ لائن دے کہ مثلاً دو ماہ تک راہ راست پر آ جاؤ، ورنہ اس کے بعد آپ کے خلاف کارروائی ہوگی۔
اسلام ٹائمز: اے پی سی بلانے میں حکومت کو کیا مشکل پیش آ رہی ہے؟
علامہ ناصر عباس جعفری: کئی ممالک نہیں چاہتے کہ پاکستان کی حکومت طاقتور ہو، ہمارے فوجی جرنیل بھی نہیں چاہتے کہ حکومت طاقتور ہو۔ اس کے علاوہ علاقائی قوتیں بھی نہیں چاہتیں کہ پاکستان کی حکومت مضبوط ہو۔ ایران سے گیس پائپ لائن کا معاہدہ روکا گیا اور اس طرح بعض کاموں میں سعودی عرب رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے۔ ہم نواز شریف کو گوادر کے منصوبے کے کوشش کرنا، چائنہ سے دوستی کو مزید آگے بڑھانے میں خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی سپورٹ کرتے ہیں۔ پاکستان کے ان ممالک کے ساتھ جتنے تعلقات مضبوط ہوں گے، اتنے ہی پاکستان کے ترقی کرنے کے مواقع بڑھ جائیں گے۔ پاکستان 20 کروڑ عوام کا ملک ہے اور ایٹمی طاقت ہے، یہ بڑا مضبوط ملک بن سکتا ہے۔ چھوٹے چھوٹے گھٹیا قسم کے ممالک سعودی عرب، قطر، ابوظہبی کہ جن کی کوئی حیثیت ہی نہیں ہے، ان کا غلام نہیں بننا چاہیے۔
اسلام ٹائمز: آپ کی جماعت کی طرف موجودہ حالات کو سامنے رکھتے ہوئے اتحاد امت مسلمہ کے حوالے سے کیا پالیسی ترتیب دی ہے اور اب تک اس حوالے سے کیا کرکاردگی رہی ہے؟
علامہ ناصر عباس جعفری: وحدت بین المسلمین اور وحدت بین المومنین کا نقصان اسلام دشمن قوتوں کو پہنچ رہا ہے اور پہنچتا ہے۔ امریکہ ہمیشہ چاہتا ہے کہ مسلمانوں کے درمیان ہر وقت اختلاف کی فضاء قائم رہے۔ شیعہ سنی کے درمیان حتیٰ کہ شیعوں کے آپس میں اور سنیوں کے بھی آپس میں جھگڑتے رہیں تاکہ جہان اسلام آپس میں الجھا رہے اور دشمنان اسلام اس سے خوب فائدہ اٹھا سکے۔ پس ہم مسلمانوں کو چاہیے کہ آپس وحدت کی فضاء قائم کریں اور آپس کے مسائل کو مل بیٹھ کر حل کریں، اس میں ہمارے باہمی روابط مضبوط ہونے چاہیں، ہم پاکستان میں ان موضوعات پر مختلف جگہوں پر سیمینارز و کانفرنسز کا انعقاد کر چکے ہیں اور اب کر بھی رہے ہیں، انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ہمارے آپس میں اچھے تعلقات استوار ہوں۔ اسی طرح یوم القدس ایک بہت بڑا موقع ہے کہ جس کو منانے کے ساتھ ساتھ تمام شیعہ و سنی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ یوم القدس کسی ایک فرقے کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ جہان اسلام کا مسئلہ ہے، اسی طرح مسئلہ کشمیر بھی جہان اسلام کا مسئلہ ہے۔ بہرحال اب بھی شیعہ سنی بھائیوں کے تعلقات کی ایک اچھی فضاء بن چکی ہے اور ہمیں امید ہے کہ آئندہ آنے والے چند دنوں میں انشاء اللہ مثبت نتائج نکلیں گے۔
اسلام ٹائمز: شام کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کیا کہیں گے؟
علامہ ناصر عباس جعفری: شام کے جہادیوں میں فرنٹ لائن کے اتحادی ممالک سعودی عرب، امریکہ و دیگر شریک ہیں۔ شام ایسا ملک ہے جو فلسطینیوں کی پناہ گاہ رہا ہے۔ لبنان نے شام کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔ شام ہمیشہ سے ہی اسرائیل کے مدمقابل والے بلاک میں رہا ہے، یعنی امریکہ مخالف بلاک میں رہا ہے۔ اس سے ہمیشہ فلسطین اور فلسطین کے مقاصد کو فائدہ ہوا ہے، نقصان کبھی نہیں ہوا۔ قطر، سعودی عرب و دیگر عرب ممالک کی منافقانہ پالیسی سے فلسطین اور فلسطین کے مقصد کو نقصان ہوا۔ جہان عرب میں واحد ملک جو فلسطین اور فلسطینیوں کو سپورٹ کرتا تھا اور استعماری طاقتوں کے خلاف مدمقابل رہا وہ شام ہے۔ آپ دیکھ لیں کہ لبنان اور اسرائیل جنگ میں شام نے لبنان کا ساتھ دیا اور اسی طرح ایران عراق جنگ میں بھی شام نے ایران کا ساتھ دیا۔ یعنی شام کی پالیسیاں شروع سے ہی جہان اسلام کے حق میں رہی ہیں۔ شام کی پالیسیاں امریکہ مخالف رہی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ایران سے لے کر لبنان تک ایک بلاک وجود میں آیا اور جب عرب دنیا میں بیداری آنا شروع ہوئی تو مخالف ممالک نے یہاں پر دہشت گرد بھیجنے شروع کر دیئے۔ سعودی عرب، قطر، ابوظہبی، ترکی، اردن اور حتیٰ کہ پورا یورپ اکٹھا ہو کر شام کے خلاف ہوگیا ہے اور وہاں کی حکومت کو گرانا ان کا بڑا مقصد ہے لیکن اللہ تعالیٰ کا ساتھ ہونے کی وجہ سے وہ اب تک ایسا نہیں کر سکے۔
شام کو جس مشکل مرحلے میں داخل کیا گیا، اس سے کہیں زیادہ اللہ تعالیٰ نے انہیں آسانی دی اور صبر عطا فرمایا۔ ایران عراق کی جنگ میں جب ایران باہر نکلا تو طاقتور ترین ملک بن گیا۔ 2006ء میں حزب اللہ کی اسرائیل کے ساتھ ہونے والی جنگ میں بھی لبنان طاقتور ہو گیا۔ آج وہ حزب اللہ نہیں جو 2006ء کی جنگ میں تھی بلکہ آج اس سے کہیں زیادہ طاقتور بن چکی ہے۔ اسی طرح شام کے اندر بھی پوری دنیا دہشت گردوں کے ساتھ ہے اور شام کی حکومت کو گرانے کے درپے ہیں لیکن اب تک وہ اس مذموم مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ پوری دنیا سے دہشت گرد اکٹھے کر کے شام میں بھیجے گئے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ان 28 ماہ میں وہ شام کی حکومت نہیں گرا سکے۔ شام کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے یہ کہ حکومت مضبوط ہے اور ان کی فوج بھی مقابلہ کرنے کے لیے بھرپور آمادہ ہے، اس کے ساتھ ساتھ عوامی طاقت بھی اکٹھی ہو چکی ہے اور دشمنوں کے ساتھ لڑ رہی ہے۔ دشمنوں و دہشت گردوں نے رسول پاک ﷺکی پیاری نواسی حضرت بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے مزار کی بے حرمتی کی ہے جو انتہائی قابل مذمت ہے اور شرم کی بات ہے۔
اسلام ٹائمز: فرض کریں کہ ساری کفر کی طاقتیں اکٹھی ہو کر شام کی حکومت گرا دیتی ہیں تو اس کے بعد کیا منظر نامہ ہوگا اور ایران کا اس کے بعد کیا کردار ادا کرے گا؟
علامہ ناصر عباس جعفری: پہلی بات تو یہ ہے کہ میرے خیال میں اس وقت شام کی حکومت کو گرانا تقریباً ناممکن ہے۔ کفار جو طاقت لگانا چاہتے تھے سب کی سب لگا چکے ہیں۔ اب ان دہشت گردوں کو وہاں پر جگہ جگہ مار پڑ رہی ہے۔ بہت سے دہشت گرد جنہوں نے اسلحہ اٹھایا ہوا تھا وہ اپنا اسلحہ پھینک کر بھاگ رہے ہیں۔ جیسا کہ میں نے رات کو ہی ایک خبر میں پڑھا کہ بہت سارے دہشت گرد مایوس ہو کر راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔ سیریا کے حالات جو یورپین میڈیا پیش کر رہا ہے، اصل حالات اس کے برعکس ہیں۔ فرض کر بھی لیں کہ اگر ایسا ہو بھی جاتا ہے کہ جیسا آپ نے کہا تو پھر سیریا تین حصوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ جن میں ایک حصہ علویوں کے پاس، دوسرا حصہ بریلیوں کے پاس اور تیسرا حصہ دہشت گردوں کے پاس۔ اس کے باجود پھر بھی حزب اللہ وہاں پر ناکام نہیں ہوگی کیونکہ حزب اللہ کے وہاں پر اپنے علاقے ہیں۔ وہ علاقہ جو لبنان کے ساتھ ملتا ہے وہاں پر دہشت گرد کچھ بھی نہیں کر سکتے۔ بہرحال یہ تقسیم کسی کے حق میں بھی ٹھیک نہیں ہوگی۔
اسلام ٹائمز: سوشل میڈیا پر ایک بحث شروع کی گئی ہے کہ یوم القدس منانے کے بجائے یوم دفاع تشیع منایا جائے، اس سوچ کے پیچھے کیا حقیقت ہے؟۔
علامہ ناصر عباس جعفری: میرے خیال میں ہمیں اپنے مکتب کے مطابق اپنی زندگی گزارنی چاہیے۔ ہمارے امام علی علیہ السلام نے فرمایا تھا کہ ہمیشہ ظالموں کے دشمن بن کر رہو اور مظلوموں کے حامی۔ اس وقت فلسطین کے مسلمان مظلوم ہیں اور بیت المقدس ہم سب مسلمانوں کی یکجا میراث ہے۔ اپنے ملک کا یوم دفاع منانا اور یوم القدس منانا الگ نہیں ہیں، دونوں اکٹھے بھی منائے جا سکتے ہیں۔ دیکھئے یوم القدس ملت تشیع کا محور و مرکز بن سکتا ہے۔ ابھی تک تو جس طرح سے یوم القدس کو منانا چاہیے تھا، اس طرح سے منا ہی نہیں سکے۔ اگر ہم میں حکمت و تدبیر ہوتی تو قدس شیعہ و سنی کا محور و مرکز بنتا اور ہمارے اتحاد کا نقطۂ ہوتا۔ یوم القدس شیعہ سنی وحدت کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہے اور مظلوموں کی حمایت کے لیے بھی سب سے بہتر پلیٹ فارم ہے لیکن بڑے افسوس کے ساتھ یہ بات کہنا پڑتی ہے کہ ہمیں جو مکتب اہل بیت نے چیزیں دی ہیں، ہم ان سے درست استفادہ نہیں کر سکے۔ ہمیں چاہیے تھا کہ ہم گلی گلی، کوچے کوچے لوگوں کے گھروں تک جاتے اور لوگوں کو قدس کی آزادی کے لیے میدان میں لے کر آتے، اسی طرح پھر کشمیر کی آزادی کی بات ہوتی اور دیگر مسلمان ممالک جہاں پر مسلمان ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں، ان کے لیے آواز بلند کرتے، ہم ان کا ہراول دستہ بنتے اور لیڈ کرتے۔ ہمیں تنگ نظری سے ان مسائل کو نہیں دیکھنا چاہیے۔ یوم القدس وہ عطیہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے امام خمینی (رہ) کے ذریعے ہم تک پہنچایا ہے۔ یوم القدس یوم اسلام ہے، یوم وحدت مسلمین ہے، یہ دن مظلوموں کی حمایت میں اور ظالموں کے خلاف قیام کا دن ہے لہٰذا یوم القدس ہمارے شرعی فرائض میں سے بھی ہے اور ایک عظیم پلیٹ فارم بھی ہے، پس ہمیں اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔
اسلام ٹائمز: جیسا کہ آپ نے نشاندہی کی کہ یوم القدس کو ایک مسلک نے نتھی کردیا ہے، اس کو عالم اسلام کا دن بنانے کیلئے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں؟۔
علامہ ناصر عباس جعفری: میں چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان گلی گلی، کوچہ کوچہ، گھر گھر جائیں اور لوگوں کو یوم القدس میں شرکت کی دعوت دیں۔ جس طرح ہم ناموس رسالت (ص) پر اکٹھے نظر آئیں ہیں بالکل اسی طرح یوم القدس پر بھی ہمیں اکٹھا ہونا چاہیے۔ ہم نے اس دفعہ اسلام آباد و راولپنڈی میں کوشش کی ہے کہ اہل سنت افراد کی بھی کثیر تعداد اہل تشیع افراد کے ساتھ مل کر یوم القدس میں شریک ہو، اس کے علاوہ باقی شہروں میں بھی ہم نے التماس کی ہے کہ عام عوام کو بھی جتنا ہو سکتا ہے اس پروگرام میں شریک کریں۔ اس میں میرے خیال میں تربیت اور سمجھانے کی ضرورت ہے۔
اسلام ٹائمز:قدس کے حوالے سے ہم دوسروں کی بات تو کرتے ہیں کہ وہ شریک ہوں جبکہ ہماری اپنی ریلیاں ایک نہیں ہیں۔ اس حوالے سے کوششیں کیوں نہیں کی جاتیں؟۔
علامہ ناصر عباس جعفری: میں شیعہ علماء کونسل کے دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ آئیں بیٹھیں اور ہمارے ساتھ بات چیت کریں، وہ ہمیں تعاون کرنے والا پائیں گے اور وحدت کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کرنے والا پائیں گے۔ ہاں اس کے لئے ہم سے وہ بندہ آ کر بات کرے کہ جس کے پاس کچھ اختیار بھی ہو، یہ نہ ہو کہ وہ کہے کہ میں نے تو ابھی جا کر پوچھنا ہے۔ میرے خیال میں یوم القدس کو اہمیت ہونی چاہیے نہ کہ پارٹیوں کو اہمیت ہونی چاہیے۔ میں اب بھی کہتاہوں کہ آئیں بیٹھیں اور جن جن چیزوں میں مشترکات پر قدم اٹھائے جا سکتے ہیں، ہمیں اٹھانے چاہیں، فرار کرنے سے نجات نہیں ملے گی۔ یہ بات درست ہے کہ ہم تھرڈ کلاس سیاستدانوں کے ساتھ تو بیٹھ جائیں لیکن اتنے بے حس ہوجائیں آپس میں نہ بیٹھ سکیں۔ میں آپ کے توسط سے انہیں دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر بیٹھیں، انشاء اللہ آپ ہمیں تعاون و مددگار پائیں گے۔ ہمارے پاکستان کی عوام یہ سب کچھ دیکھ رہی ہے، ان کی آنکھیں بند نہیں ہیں۔ مجھے امید ہے کہ رائے عامہ میں بڑی طاقت ہوتی ہے اور بہت زیادہ عرصہ نہیں لگے اور بالآخر ہمارے یہ ساتھی مجبور ہوں گے کہ قومی کاموں میں کھلے دل سے بیٹھیں گے۔
اسلام ٹائمز: مصر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کیا کہیں گے، کیا اس کا فلسطین پر کوئی اثر پڑے گا؟۔
علامہ ناصر عباس جعفری: دیکھئے مصر میں اخوان المسلمین کی حکومت آئی۔ اہل سنت بہت خوش تھے کہ ان کی حکومت مصر میں بن گئی۔ الاظہر اور اخوان المسلمین و شیعہ مل کر جہان اسلام کو درپیش چیلنجز سے باہر نکال دیں گے۔ بہرحال یہ توقع کی جا رہی تھی۔ جب ایران میں اسلامی انقلاب آیا تو امریکہ کے سفارتخانہ کو بند کرکے فلسطین کا سفارتخانہ کھولا گیا، شیعہ سنی جھگڑے کی باتیں کی گئیں لیکن اس کے باوجود ایران نے سب کو اکٹھا لے کر چلا اور آپس کی رنجشیں دور کیں۔ بالکل ایسی ہی توقع اخوان المسلمین کے ساتھ کی جا رہی تھیں۔ چاہیے تو یہ تھا کہ ان کی حکومت آئی تو اس کے بعد اسرائیل کا سفارتخانہ بند کر دیا جاتا اور ان کے ساتھ تعلقات ختم کر دیئے جاتے اور جہان اسلام کے حوالے سے ان کا دل کھلا ہوتا۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ مصر کے اخوان نے بہت بڑی غلطی کی، انہوں نے اسرائیل کے ساتھ روابط کو برقرار رکھا اور اخوان نے وہی کام کرنے شروع کر دیئے جو امریکہ، اسرائیل اور قطر چاہتے تھے۔ اخوان کے دور حکومت میں شیعہ عالم دین کو ڈنڈوں سے مارا گیا، یہ وہ ظلم جو پہلے کسی اور کے دور میں نہیں ہوا، وہ اخوان حکومت میں ہوا۔ بہت محدود سوچ رکھنے والی اخوان المسلمین اپنے کیے کی وجہ سے ہی اپنی شہرت کھو بیٹھی اور ایسا گندا کردار ادا کیا جس کی ان سے توقع نہیں تھی۔
شام میں اگر عوام بشارالاسد کے ساتھ نہ ہوتی تو 28 مہینے کیسے حکومت قائم رہ سکتی ہے، یہ سوچنے والی بات ہے۔ اگرچہ فوج کو یہ حق نہیں کہ جمہوری حکومت کو گرا دیں لیکن یہ بھی تو دیکھنا چاہیے کہ جس ملک کی عوام نے ان حکمران پر اعتبار کیا تھا، وہ حکمران ہی امریکہ کی ایماء پر چلنے لگے تو پھر ضروری ہو جاتا ہے۔ فوجی حکومت کو سب سے پہلے خوش آمدید سعودی عرب نے کیا تھا۔ ایران میں آنے والا اسلامی انقلاب ایک عمل سے گزرا اور آج وہ ایک مضبوط ملک ہے، اس کے علاوہ ان کا نظام یعنی نظام ولایت فقیہ بھی ایک مضبوط نظریہ ہے۔ مصر میں چونکہ اس طرح کے کسی نظام پر انقلاب نہیں لایا گیا اور نہ اس طرح کا کوئی راستہ اپنایا گیا لہٰذا وہ شروع ہی میں ڈگمگا گئے۔ رہبر معظم سید علی خامنہ ای نے بیداری اسلامی کے بارے میں جتنے بھی خطابات کیے ہیں، ان میں باقاعدہ مصر کے حوالے سے اخوان المسلمین کی رہنمائی کی ہے کہ کس طرح مشکلات سے نبرد آزما ہوا جا سکتا ہے لیکن ان کے کان پر جوں تک نہ رینگی۔ پس ان کی حکومت نہ ہی اسلامی ہے اور نہ ہی کچھ اور۔ اگرچہ فوجیوں کا حکومت پر قابض ہونا اچھی بات نہیں ہے اور ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود اخوان المسلمین نے اپنے کیے کی سزاء پائی ہے۔
اسلام ٹائمز: گزشتہ دنوں مولانا فضل الرحمن کا شام کے بارے میں ایک بیان شائع ہوا، اس کے بارے میں کیا کہیں گے؟
علامہ ناصر عباس جعفری: میرے خیال میں ان کا یہ بیان بہت ہی اچھا اور حقیقت پر مبنی ہے۔ قطر، ترکی، یو اے ای اور اس کے علاوہ دیگر ممالک بھی شامل ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ مل کر شام کے حالات خراب کرنے کے درپے ہیں۔ امریکہ، اسرائیل اور یورپین صہیونسٹ و مسلم کیمونسٹ سب مل کر شام کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ میرے خیال میں اس مسئلے کو مزید واضح اشاعت کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم اس پر خاموش رہیں تو وہ وقت قریب جب یہی صورتحال پاکستان میں پیدا کی جائے گی اور پورا جہان اسلام ان کے مظالم کا شکار ہو جائے گا اور کہیں بھی امن و سکون نہیں ہو گا لہٰذا تمام مسلم ممالک پاکستان سمیت تمام حکمرانوں کو ان کے خلاف اسٹینڈ لینا چاہیے تاکہ ان خائن لوگوں کی شناخت بھرپور ہو جائے اور آئندہ اگر یہ ہمارے ملک میں خیانت کرنا چاہیں تو ان کا راستہ روکا جا سکے۔