وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے عید گاہ مارکیٹ پارہ چنار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس سیکورٹی اداروں کی غفلت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری ضرب عضب مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی،ضرب عضب کو ڈیڑھ برس مکمل ہوچکا ہےاس آپریشن کا آخری دہشت گرد کےخاتمے تک جاری رہناناگزیر ہے ۔ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لیے سیاسی و عسکری قوتوں کو یکساں فیصلے کرنا ہوں گے۔حکومت اوراداروں میں تصادم ملک دشمن عناصر کے حوصلوں کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ اس المناک سانحہ سے وزیر اعظم کے پشاور میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے دعوے کی قلعی کھل کر سامنے آگئی ہے۔یہ امر باعث حیرت ہے کہ بہت سارے سیکورٹی چیک پوائنٹس کی موجودگی میں بارود سے بھری گاڑی جائے حادثہ تک کیسے پہنچی۔اس واقعہ کی فوری تحقیقات کے لیے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی جانی چاہیے۔ملک دشمن قوتوں کے سدباب کے لیے ضرب عضب کے دائرے کو وسیع کرتے ہوئے اس کرم ایجنسی تک بڑھایا جائے تاکہ ان کمین گاہوں کو تلف کیا جا سکے جہاں سے دہشت گردوں کی فکری تربیت اور معاونت کی جاتی ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابل تلافی نقصان ہے۔ریاست کے ہر شہری کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔دہشت گرد عناصر کے خلاف موثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔حکومت کو چاہیے کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی طور پر اپنے اہلیت کو ثابت کرے۔جو حکومت اپنی عوام کو جان و مال کا تحفظ نہیں دے سکتی اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہ پہنچتا۔علامہ ناصر نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہدا کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعا کی ہے۔