وحدت نیوز (اسلام آباد)شام میں رہبر کے نمائندہ آیت اللہ مجتبیٰ حسینی نے خیر العمل فاﺅنڈیشن کے ہیڈآفس کا دورہ کیا ،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکیرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، مرکزی ڈپٹی سکیرٹری جنرل علامہ شفقت شیرازی اور مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود و مسئول خیر العمل فاﺅنڈیشن پاکستان برادر نثار فیضی نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کا استقبال کیااور انہیں خوش آمدید کہا،مسئول خیر العمل فاﺅنڈیشن برادر نثار علی فیضی نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کو دفتر کے شعبوں کا معائنہ کروایااور تفصیلات بتائیں۔ خیر العمل فاﺅنڈیشن کی ورکنگ باڈی کے اراکین سے اپنے خصوصی خطاب میں آیت اللہ مجتبیٰ حسینی نے ادارے کی کارکردگی کوسراہا اور مزید کامیابی کے لیے دعا کی۔
مزید گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے فرمایا کہ مجلس کا رفاہی ادارہ انشاءاللہ پاکستان میں عوامی خدمت کے لیے رول ماڈل بنے گا، اس شعبہ کو تمام وابستگیوں سے بالاتر ہوکر عوام و انسانیت کی خدمت کو اپنا طرہ امتیاز بنانا چاہیے،اسلام اجتماعی روش کا دین ہے جس کی تمام عبادات کو اجتماعی حوالے سے ادا کرنے کا اجر و ثواب زیادہ رکھا گیا ہے ، اس میں انفرادی سطح پر صلہ رہمی ، پڑوسیوں کے حقوق سے لیکر معاشرتی و علاقائی سطح پر وطن کی خدمت اور پھر اس سے بڑھ کر بڑے دائرہ اسلام کی خدمت کوقرار دیا گیا ہے ،ہمیں نیکی و تقویٰ کے کاموں کے لیے اکٹھے ہونا چاہیے ۔امام خمینی کی روش حزبی تھی لیکن انکی نگاہ حزبی نہ تھی بلکہ ا نھوں نے ہمیشہ پورے معاشرے کی طرف توجہ دی ،آخر میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے آیت اللہ مجتبیٰ حسینی کا ان حالات میں پاکستان آنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا اور انکی شام کے موجودہ سخت ترین حالات میں ثابت قدمی کے ساتھ مقاومت کی رہنمائی اور سرپرستی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔