وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین نے قائدشہید عارف حسین الحسینی کی ستائیسویں برسی کے سلسلے میں اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔اس سلسلے میں مرکزی اجتماع ۹ اگست کو اسلام آباد میں سہ پہر ۴ بجے فضل حق روڈ نزد مرکزی امام بارگاہ جی سکس ٹو میں منعقد ہو گا جس میں ایک لاکھ افرادکی شرکت متوقع ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے ایک ہزار سے زائد سکاوٹس نگرانی کے فرائض سر انجام دیں گے۔برسی کی تقریب کو باوقار اور بھرپور طریقے سے منانے کے لیے ایم ڈبلیو ایم نے ملک گیر رابطوں کا آغاز کر رکھا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ ملک کی ترقی و استحکام اور دین اسلام کی سربلندی کے لیے قائد شہید کی مذہبی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔علامہ عارف حسینی کو وطن عزیز میں وحدت و اخوت کے حقیقی علمبردارکی حیثیت حاصل رہی۔ انہیں صیہونی و یہودی طاقتوں کے اسلام دشمن عزائم کے خلاف آواز بلند کرنے کی سزا دی گئی۔قائد شہید کی اعلی مذہبی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے برسی کی تقریب میں ملک کی نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ تقریب کے کُلی انتظامات کی نگرانی کے لیے مرکزی سیکریٹری روابط ملک اقرار حسین اور مرکزی سیکریٹری فلاح و بہبود نثار علی فیضی کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی تشیکیل دے دی گئی ہے۔ جو سارے انتظامات کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مختلف شخصیات سے رابطے اور ذمہ داریوں کا تعین بھی کرے گی۔