وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس نے مرکزی سیکرٹریٹ آئی ایس او پاکستان لاہور کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے مرکزی صدر تہور حیدری اور مرکزی عہدیدران سے ملاقات کی،سربراہ مجلس وحدت مسلمین اور مرکزی صدر آئی ایس او نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی اور علامہ احمد اقبال رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے، علامہ راجہ ناصر عباس نے آئی ایس او کی تعلیمی میدان میں خدمات کو سراہا اور کہا کہ آئی ایس او نوجوانوں کو دین سے روشناس کرانے کا اہم ترین فریضہ نبھا رہی ہے اور آئی ایس او سے مربوط نوجوان استعمار کی سازشوں کا ادراک رکھتے ہیں، اسی وجہ سے آئی ایس او پاکستان استعمار کی آنکھ میں کھٹکتی ہے۔
مرکزی صدر تہور حیدری نےاس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور اور تعطیلات کے بعد تعلیمی اداروں کا کھلنا خوش آئند ہے، اس سے اسلام، پاکستان اور تعلیم دشمنوں کو یہ واضح طور پر پیغام ملتا ہے کہ ہم قربانیوں سے گھبرانے والے نہیں، ہر صورت میں تعلیم کی شمع کو روشن رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے قائدین لائق تحسین ہیں جنہوں نے گولہ بارود کی فضاء میں رحمت دو جہاں ﷺ کی ولادت کے حوالے سے کانفرنس منعقد کی۔ انہوں نے کہا کہ یہود و نصاریٰ اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں، کیمونزم سوشلزم سب ناکام ہو چکے ہیں، اگر کوئی نظام اس صورتحال میں انسانیت کی فلاح و بہبود کر سکتا ہے تو وہ اسلام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسلام کے بڑھتے ہوئے نفوذ کو روکنے کے لئے یہ صورتحال پیدا کر دی گئی ہے، داعش کے مکروہ وجود سے اسلام کے حقیقی امن و سلامتی کے چہر کو مسخ کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ تہور حیدری نے کہا کہ بحیثیت طالبعلم ہم یہ محسوس کر رہے ہیں کہ طلباء کن مسائل کا شکار ہیں، تعلیمی اداروں پر دہشتگردی کی فضاء میں خوف کے بادل منڈ لا رہے ہیں، ہمارا فرض ہے کہ ہم قوم کی کھوئی عزت اور افتخار کو بحال کریں اور ہمیں یہ ادراک ہونا چاہے کہ ہمارا دشمن کو اور دوست کون ہے۔