وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام سانحہ پارہ چنار اورنائجیریا میں فوج کی بربریت کے خلاف مرکزی امام بارگاہ اثنا عشریG-6/2 سے ڈی چوک تک ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں مظاہرین نے شرکت کی۔ریلی کے شرکا نے نائجیریا کی معروف مذہبی شخصیت حجت الاسلام و المسلمین شیخ ابراہیم زکزکی کی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور سانحہ پارہ چنار کے خلاف مذمتی بینر اٹھا رکھے تھے۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے نائیجیریا فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں سینکڑوں بے گناہ افراد کی شہادت کو بھیانک ترین ریاستی ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔شیخ زکزکی کی مقبولیت سے خائف نائجیریا کی حکومت نے اسرائیلی ایما پر انہیں حق پرستی کا سزا دی ہے۔ہم پاکستان کی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے شیخ زکزکی کی فوری رہائی کے لیے نائیجریا حکومت پر زور ڈالیں۔۔دنیا میں دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر عرب ممالک جس فوجی اتحاد کو قائم کرنے جا رہے ہیں وہ مسلمانوں کے تحفظ کی بجائے سعودی بادشاہت کے دفاع کے لیے ہے۔دنیا بھر کے دہشت گردوں کی مالی معاونت میں سعودی عرب کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔پاکستان کو سعودی عرب کے خطرناک عزائم سے دور رہنا چاہیے۔ پاکستان کی طرف سے اس فوجی اتحاد میں شمولیت کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری ضرب عضب میں کسی مصلحت پسندی کو دیوار نہ بننے دیا جائے تب ہی اس کے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں گے۔ عوامی خواہشات کے مطابق اس آپریشن کے دائرہ کار کو ان شہری علاقوں تک بھی پھیلایا جائے جہاں دہشت گردوں کے سہولت کار اور فکری معاونین موجود ہیں۔ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان کے باوجود ملت جعفریہ کو ملک بھر میں سنگین سانحات کا سامنا کرنا پڑا۔دہشت گرد عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ریلی میں مرکزی قائدین علامہ اقبال بہشتی،علامہ ملک اقرار حسین،نثار حسین فیضی کے علاوہ دیگر معروف شخصیات نے بھی شرکت کی۔