وحدت نیوز (گلگت) جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے وفد کے ہمراہ مجلس وحدت مسلمین کے قائم مقام سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گلگت میں ہونے والی ملاقات میں طرفین کے علمائے کرام اور عہدیداران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں دونوں طرف سے گلگت بلتستان میں امن، بھائی چارے کے قیام، دہشتگردی کے خاتمے اور علاقہ میں امت کے تصور کو اجاگر کرنے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ دونوں طرف سے آئندہ بھی میٹنگز جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں جماعت اسلامی گلگت بلتستان کے صوبائی امیر، نائب امیر جبکہ ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، صوبائی ترجمان، شعبہ سیاست کے مسئول غلام عباس اور دیگر موجود تھے۔