ظلم کا سورج ڈوب رہا ہے، دنیا بہت جلد امریکہ کی تباہی دیکھے گی، علامہ ناصر عباس جعفری

21 جولائی 2013

raja iftarوحدت نیوز (لاہور)  مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام لاہور کے صحافیوں کے اعزاز میں خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں لاہور بھر کے سینئر صحافیوں، کالم نگاروں، اینکر پرسنز اور صحافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے کی جبکہ ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، ایم ڈبلیو ایم لاہور کے سیکرٹری جنرل علامہ سید امتیاز کاظمی، ایم ڈبلیو ایم کے سینئر رہنما سید اسد عباس نقوی، سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری، رائے ناصر عباس، رائے ماجد علی سمیت دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے۔ صحافیوں کی جانب سے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سینئر صحافی امتیاز راشد مہمان خصوصی تھے۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ زوال پذیر ہوچکا ہے اور بہت جلد دنیا اس کی تباہی دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ورلڈ پاور تو ہے لیکن سپر پاور نہیں رہا، کیونکہ مظلوموں کا استحصال کرنے والے کو فنا ہونا پڑتا ہے، باطل مٹ جانے کیلئے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح روس کے غبارے سے ہوا نکلی تھی اسی طرح امریکہ کے غبارے سے بھی ہوا نکلنے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جہاں بھی گیا اس نے شکست کھائی، ویت نام سے عراق اور عراق سے افغانستان تک ہر جگہ اسے ہزیمت اٹھانا پڑی اور آج امریکہ اعتراف کر رہا ہے کہ پاکستان کے تعاون کے بغیر وہ دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اندر سے کھوکھلا ہوچکا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ ڈیوائیڈ اینڈ رول کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، امریکہ شیعہ کو شیعہ سے اور سنی کو سنی سے لڑا رہا ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ مستقبل ایشیاء کا ہے، ایشیاء تمام وسائل سے مالا مال ہے، اب امریکی زوال کے بعد دنیا کی رہنماؤں کا تاج ایشیاء کے سر پر سجنے والا ہے۔ انہوں نے شام میں حضرت زینب (س) کے روضہ مبارک پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص ٹولے نے بنت علی (ع) کے مزار کو نشانہ بنا کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، اس سے قبل اسی دہشت گرد تکفیری گروہ نے صحابی رسول حضرت حجر بن عدی (رض) کے مزار کی بھی توہین کی اور ان کے جسد خاکی کی قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم جناب زینب (س) کے روضے پر مارٹر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ پاکستانی حکومت اور عالمی ادارے اس دہشت گردی کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں بدامنی پھیلانے والا گروہ امریکہ کا ہی پیدا کردہ ہے، جس کو پہلے افغانستان میں استعمال کیا گیا اور اب اسے شام میں لڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی ترجیح اسرائیل کا تحفظ ہے، اسی لئے مصر میں عوام کی منتخب حکومت کو گرا دیا گیا، جس ملک سے اسرائیل تنگ ہوگا امریکہ کی اسی سے دشمنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی اور بدامنی ہے، جب تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوتا ملک میں نہ معاشی بہتری ہوسکتی ہے اور نہ توانائی بحران ختم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے۔ اس کے علاوہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو بھی ملک کیلئے سوچنا ہوگا، ہمیں جماعتوں اور مسلکوں کے حصاروں سے نکل کر صرف پاکستان کیلئے سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ کراچی میں فوج اور رینجرز نے ایم کیو ایم کو دھاندلی سے الیکشن میں جتوایا ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree