وحدت نیوز(راولپنڈی) ڈھوک سیدان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ایم ڈبلیوایم کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شفقت حسین شیرازی کی زیر قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ایک وفد نے ڈھوک سیداں میں شدت پسندوں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے امام بارگاہ قصر شبیر کا دورہ کیا ، وفد میں ایم ڈبلیوایم کے مرکزی راہنما سید اسرار حسین گیلانی اور مقامی یونٹوں کے مسئولین شامل تھے ، علامہ شفقت شیرازی نے امام بارگاہ کے منتظمین اور علاقے کے مومنین سے ملاقات کی اور ان کی دلجوئی کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ تنہا نہیں ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان ان کی پشت پر کھڑی ہے، انہوں جائے حادثہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاںپر موجود عینی شاہدین سے معلومات حاصل کیں ، انہوںنے امام بارگاہ پر ہونیوالی فائرنگ اور اس کے نتیجے میں دو پولیس ملازمین کی شہادت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا اور اس المناک سانحہ کو سانحہ راجہ بازار کا تسلسل قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حملہ آوروں کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے ، ان کا کہنا تھا کہ اربعین امام حسین کے موقع نکالے جانیوالے راولپنڈی کی تاریخ کے سب سے بڑے جلوس نے استعماری ایجنٹوں کو بوکھلاہٹ میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ اوچھی حرکتوں اتر آئے ہیں، انشاء اللہ دشمن کی جانب سے عزاداری امام حسین کے خلاف کسی بھی سطح پر ہونیوالی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی، انہوں نے مومنین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں اور دشمن کی سرگرمیوں سے غافل نہ ہوں ، کیونکہ ہوشمندی کا ثبورت دیتے ہوئے بیدار رہ کر ہی فتنہ ساز دشمن کا مقابلہ کیا جاسکتاہے، انہوں نے اس المناک سانحہ کے دوران شہید ہونیوالے پولیس ملازمین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پولیس ملازمین نے امام بارگاہ کی حفاظت کا فریضہ سر انجام دیتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے یقیناً بارگاہ ایزدی سے انہیں اس کا عظیم اجر ملے گا ۔