وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین کے رکن گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کاچو امتیاز حیدر خان کی صوبائی سیکرٹریٹ ایم ڈبلیو ایم لاہور میں مرکزی و صوبائی رہنماوں اور عمائدین شہر سے ملاقات اور اعزاز میں دیئے گئے عصرانے سے خطاب، مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی، علامہ محمد اقبال کامرانی، علامہ ابوذر مہدوی سمیت دیگر رہنماوُں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں ان کا ستقبال کیا، کاچو امتیاز حیدر خان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور گلگت بلتستان کے عوامی حقوق میں حقیقی جدوجہد کا سہرا بھی اسی جماعت کے قائدین کے سر ہے، ایم ڈبلیو ایم نے گلگت بلتستان کی تاریخ میں اتحاد امت کیلئے جو کوششیں کی ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، یہی وجہ ہے کہ وہاں پر بسنے والے تمام مکاتب فکر ہر معاملے میں مجلس وحدت کے موقف کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ بنانا ہو گا (ن) لیگ نے گلگت بلتستان کے عوام کو بیووقوف بنانے کے سوا کچھ نہیں کیا، بے بس وزیر اعلیٰ کچھ کرنے کے قابل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری میں گلگت بلتستان کو نظرانداز کرنے کا عمل ملک کو ایک نئے بحران کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے، محب وطن اور شہداء کی سرزمین کو نظرانداز کرنے والے ملک کیخلاف سازش کر رہے ہیں، ہائیڈرو پاور، معدنی وسائل اور ٹورازم کے شعبے میں خود کفیل علاقے کو نظرانداز کرنے کے عمل کو عوام برداشت نہیں کریں گے، آئینی حقوق دیے بغیر ٹیکس کا نفاذ علاقے کے عوام پر ظلم ہے۔ کاچو امتیاز حیدر خان کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری میں ہم اپنا حق لے کر رہیں گے، حکمران خوش فہمی میں نہ رہے اس ایشو پر گلگت بلتستان کے عوام متحد ہیں اور ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں، ہم کسی سے خیرات نہیں مانگ رہے اپنے حقوق کے حصول کیلئے ہر قسم کے جمہوری و آئینی جدوجہد سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اس موقع پر مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے غیور عوام کی حقوق کیلئے مجلس وحدت مسلمین ہر فورم پر آواز اُٹھائے گی اور مکمل آئینی صوبہ بننے تک ہم اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔