وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان پر فائرنگ اور اُس کے نتیجے میں شہید ہونے والے عالم ہزارہ، صفدرعباس اور علی شاہ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، کراچی سے دہشت گردوں کی اجاراداری ختم کرکے دم لیں گے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان دہشتگردی کا جواب بھرپور سیاسی عمل کو آگے بڑھا کر دے گی، سندھ حکومت دہشت گردوں کے سامنے بے بس ہوچکی ہے۔ صرف بلاول ہائوس کی سکیورٹی نہیں بلکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ہمیں سیاسی میدان میں پیچھے دھکیلنے کیلئے لسانی اور تکفیری گروہ ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جسے ہم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ناصر عباس شیرازی نے مزید کہا کہ رینجر اور پولیس کی موجودگی میں ہمارے امیدواروں کا قتل ان کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کراچی اس وقت ملت جعفریہ کی مقتل گاہ بن چکا ہے۔