اقتصادی راہداری کے ثمرات سے محروم رکھنے کیلئے جی بی کی تقسیم کا فارمولا دیا گیا، علامہ امین شہیدی

18 جنوری 2016

وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان ایک اکائی ہے، علاقے کی وحدت کو تقسیم کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ اقتصادی راہداری کے ثمرات سے علاقے کے عوام کو دور رکھنے کیلئے گلگت بلتستان کی تقسیم کا فارمولا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غلمت نگر گلگت میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان بالخصوص گلگت بلتستان کی تقدیر بدل جائیگی۔ کئی دہائیوں سے گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق پر شب خون مارا گیا، اب وقت آن پہنچا ہے کہ علاقے کے عوام یک زبان ہوکر اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی جی بی کی تاریخ سے نابلد ہیں، سری نگر تک کا علاقہ اس خطے کے بہادر سپوتوں نے آزاد کروایا تھا، متنازعہ بیانات محض علاقے میں انتشار و افتراق پیدا کرنے کیلئے دیئے جا رہے ہیں۔

علامہ امین شہیدی نے کہا کہ ماضی میں بھی جب اس خطے کے عوام نے متحد و یک زبان ہوکر اپنے حقوق کیلئے آواز بلند کی تو اسے سبوتاژ کیا گیا اور بھتہ خور سیاسی رہنماؤں کے ذریعے عوامی جدوجہد کو ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بڑے نازک موڑ پر ہیں، اس خطے کے عوام کی خاموشی اور سیاسی رہنماؤں کی معمولی غلطی گلگت بلتستان کے عوام کی شناخت مٹانے کا موجب بنے گی۔ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اقتصادی منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر حکومت کی جانب سے اس خطے کے عوام کو مطمئن کرنے کی بجائے شکوک و شبہات کا پھیلایا جانا اس امر کا ثبوت ہے کہ نواز لیگ کی حکومت جی بی کے عوام سے مخلص ہی نہیں۔ حالانکہ صوبائی اسمبلی نے دو مرتبہ متفقہ طور پر ایک مکمل خود مختار آئینی صوبے کی قرارداد پاس کی ہے۔ پاک چین اقتصادی کوریڈور میں گلگت بلتستان کے عوام کو نظر انداز کرنے کی حکومتی پالیسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حکومت اس خطے کے محروم عوام پر رحم کرے اور گلگت بلتستان کو ایک مکمل آئینی صوبے کی حیثیت دیکر اقتصادی راہداری میں حصہ دار بنائے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree