وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ 6 جولائی پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے کہ جس دن وطن عزیز کے باوفا بیٹوں نے ضیائی آمریت کے خلاف قیام کیا اور قائد ملت جعفریہ حضرت علامہ مفتی جعفر حسین رحمۃ اللہ علیہ کی قیادت میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تاریخی دھرنا دیا۔
جنرل ضیاء الحق نے جس طرح وطن عزیز پاکستان میں اپنے باطل اور نا جائز اقتدار کو طول دینے کے لئے دین اسلام کی تعلیمات کا سہارا لیا اور ملک میں فرقہ واریت کے بیج بوئے اس کے خلاف قائد ملت حضرت علامہ مفتی جعفر حسین اور علامہ شہید عارف حسین الحسینی کی جدوجہد سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ جنہوں نے زھد و تقویٰ اور شجاعت سے ضیائی آمریت کا مقابلہ کرتے ہوئے ایک طرف اتحاد بین المسلمین کے پرچم کو بلند رکھا تو ساتھ ہی ملت کے حقوق کا بھرپور دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ 6 جولائی کے دن سر زمین بلوچستان پر جن شہداء نے قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی قیادت میں راہ حق میں اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا ہم ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے انقلابی افکار و نظریات کی علمبردار جماعت ہے جو وطن عزیز پاکستان میں حب الوطنی اور اتحاد بین المسلمین کی علمبردار ہے۔ جو پاکستان میں مسلکی تعصبات اور فرقہ وارانہ نفرتوں کا خاتمہ چاہتی ہے۔