سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کا 69ویں جشن آزادی پاکستان پر قوم کے نام پیغام

13 اگست 2016

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم آزادی کے موقعہ پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارض پاک اللہ تعالی کی طرف سے ہمارے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔اس ملک کی ترقی،سالمیت و استحکام میں ہر شخص اپناانفرادی کردار ادا کرکے اس نعمت کا شکر اداکرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد ریاست ہے جو نظریہ اسلام کے نام پر معرض وجود میں آئی۔ آزادی کی اس نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اورہزاروں افراد کی قربانی شامل ہے۔وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت وطن کے ہر شہری کا اولین فریضہ ہے جس میں کوتاہی حب الوطنی کے تقاضوں سے انحراف ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جس آزاد ریاست کا خواب قائد و اقبال نے دیکھا تھا وہ ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔ ملک کومختلف حکومتوں کی طرف سے دانستہ طور پر مختلف مسائل کا شکار رکھا گیا۔کبھی جمہوریت کے نام پراقتدار میں آنے والے حکمران لوٹنے میں مصروف رہے تو کبھی آمرانہ حکومتوں نے اختیارات کے ناجائز استعمال سے ملک کو یرغمال بنائے رکھا۔اس ملک کو غیر مستحکم کرنے میں ان موروثی سیاستدانوں اور جاگیرداروں کا بھی بڑا کردار رہا ہے جو ذہنی طور پر آج بھی انگریز کے غلام ہیں۔اقتدار کے رسیا وہ حاکم جواپنے اقتدار کی بقا اور طوالت کے لیے قومی عزت نفس اور ملکی مفاد کو داو پر لگاتے رہے انہوں نے اس ملک کو آج تک بیرونی ڈکٹیشن سے آزاد نہیں ہونے دیا۔آج کے دن ہم سب نے مل کر اس ارض پاک سے عہد کرنا ہے کہ اسے نہ صرف دہشت گردی اور کرپشن کی لعنت سے آزادی دلائیں گے بلکہ ہر اس استعماری و طاغوتی قوت سے بھی نجات دلائی جائے گی جو عالمی طاقت اور اختیارات کے زعم میں مبتلا ہو کرہمیں اپنے احکامات کے تابع رکھنا چاہتی ہے۔علامہ ناصر عباس نے مجلس وحدت مسلمین کے تمام ضلعی و صوبائی دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ جشن آزادی کے موقعہ پر دفاتر کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے آراستہ کریں اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے۔اس سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں وحدت سکاوٹس کی طرف سے جشن آزادی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے اس موقعہ پر اپنے ان شہدا ء کو فراموش نہ کیا جائے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک دشمنوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree