وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور ان کی خواہشات کے عین مطابق کیا جائے، عالمی تقاضوں اور ضرورتوں کے پیش نظر حکومتیں مصلحت کا شکار ہو جاتی ہیں لیکن عوامی دباؤ انہیں درست سمت میں چلنے پر مجبور کر سکتا ہے، ہندوستان کی کشمیر میں جاری ظلم وستم کی پالیسی اس کے نام نہاد جمہوری چہرے کو داغدار کر رہی ہے، ہندوستان اسرائیل کی ڈگر پر چل رہا ہے لیکن اسے یہ بات نہیں بھولنا چاہئے کہ اسرئیل اپنے تمام تر وسائل، مظالم اور کوششوں کے باوجود نہتے فلسطینیوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکا، خطے کو تباہی اور بربادی کی طرف دھکیلنے کے لیے بھارت آگ سے کھیل رہا ہے، کشمیریوں کو پاکستان سے جدا نہیں کیا جا سکتا، کشمیر کے دیرینہ حل طلب ایشو پر اقوام متحدہ کی غیر سنجیدگی دنیا کو کسی بھی وقت جنگ کی دلدل میں دھکیل سکتی ہے، بھارت بندوق کی نوک پر کشمیریوں سے ان کاحق خود ارادیت نہیں چھین سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کشمیر کو جنوبی ایشیا کا فلسطین بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم دنیا کے حریت پسندوں اور باضمیر لوگوں سے استدعا کرتے ہیں کہ کسی عظیم انسانی المیے سے پہلے کشمیر کے لئے دنیا بھر میں آواز اٹھائی جائے، کشمیر میں ظلم و بربریت پر اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی شرمناک ہے، کشمیریوں سے ہمارا ایمانی رشتہ ہے اور قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کی روشنی میں کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات بھی ہے، تحریک آزادی کشمیر وہاں کے عوام کی منشاء و مرضی سے چل رہی ہے جسے کسی صورت ختم نہیں کیا جا سکتا، پاکستانی عوام اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گی، حکومت کو چاہیئے کہ کشمیری ایشو کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے اور بھارتی مظالم دنیا بھر میں عیاں کرے۔