وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ تکفیری سوچ کی حامل کالعدم دہشت گرد تنظیم وطن عزیز پاکستان میں امن و رواداری کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیم کی سرگرمیوں کو روکا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ جیکب آباد میں وفد کی صورت میں ایس ایس پی سید سلیم شاہ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں عزاداری کونسل کے چیئرمین سید غلام شبیر نقوی، ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، وحدت یوتھ کے صدر سید کامران علی شاہ، ایم ڈبلیو ایم ٹھل کے رہنماء مقدم غلام یاسین برڑو، تحصیل صدر غلام حیدر برڑو سید واجد علی شاہ و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ جیکب آباد ضلع میں مختلف مکاتب فکر کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور رواداری کی فضا قائم ہے۔ محرم و صفر ہو یا ربیع الاول تمام مکاتب فکر کے لوگ مل کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی یاد مناتے ہیں۔ مگر کچھ شرپسند عناصر اور کالعدم دہشت گرد تنظیمیں فرقہ وارانہ منافرت اور نفرتوں کو ہوا دیتی ہیں۔ لہٰذا کالعدم تکفیری دہشت گرد گروہ کی شرانگیز سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ جنہوں نے 2015 میں شب عاشور کو عزاداری کے جلوس پر حملہ کرکے 29 معصوم انسانوں کو شہید کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ تکفیری سوچ کی حامل کالعدم دہشت گرد تنظیم وطن عزیز پاکستان میں امن و رواداری کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیم کی سرگرمیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں قیام امن کے لئے ہمارا انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون ہوگا۔ اس موقع پر سید غلام شبیر نقوی اور نذیر حسین جعفری نے ضلع میں بعض مسائل کی نشاندہی کی۔ ملاقات میں مساجد امام بارگاہوں اور مدارس کی سیکیورٹی اور نماز عید کے اجتماعات کی سیکیورٹی پر بھی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر ایس ایس پی سید سلیم شاہ نے وفد کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پولیس آپ کے تعاون کی قدر کرتی ہے اور ہمیں باہمی تعاون سے ضلع میں امن و امان قائم رکھنا ہے۔