وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کے اپوزیشن اراکین نے سیکریٹری قومی اسمبلی کو چیف الیکشن کمشنر اور ججوں کی تقرری کے قوانین میں ترامیم کا مسودہ حوالے کردیا۔
ایم ڈبلیوایم کے پارلیمانی لیڈر انجینئر حمید حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر کے ہمراہ سیکریٹری قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی ، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر کا دورانیہ پانچ سال ہو لیکن اس منصب کیلئے روٹیشن پالیسی ہو تاکہ ہر صوبے کے ممبر کو موقع مل سکے اور چیف الیکشن کمشنر کے منصب پر دباؤ کم ہو ۔ دوسرا ججوں کی تقرری مقابلے کے امتحان پر ہونا چاہئے تاکہ اقرباپروری کی جگہ میریٹ پر قابل ترین ججوں کی تقرری ہو ۔
ہماری روایت ہے جو وزیر اعظم کا الیکشن لڑتے ہیں تو ایک وزیر اعظم منتخب ہو جاتا ہے اور دوسرا قائد حزب اختلاف بن جاتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی سے توقع رکھتے ہیں کہ جلد از جلد ہمارے قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے ۔