وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نےمرکزی سیکریٹریٹ سےتمام صوبائی، ضلعی او ریونٹ مسئولین کے نام جاری اعلامیئےمیں کہا ہے کہ اس سال کا یوم القدس پہلے سے کہیں ذیادہ اہمیت کا حامل ہے لہذا اس جمعتہ الوداع کو یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ رمضان المبارک اپنی تمام تر برکتیں اور رحمتیں سمیٹے ہوئے اپنے آخری ایام میں داخل ہوچکا ہے، رمضان المبارک کے آخری ایام ہم سے تقاضہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی مسلمان بھائیوں کو یاد رکھیں جوکہ گذشتہ سات دھائیوں سے زائد عرصے سے صیہونیت کےمظالم کا شکار ہیں۔ موجودہ دور میں فلسطینی عوام نے اپنی مقاومت ، عزم وحوصلے کی نئی مثال قائم کی ہے۔ 7 اکتوبر 2023 سے آج تک ہرروز درجنوں کے حساب سے شہید ہورہے ہیں۔ ان کی سویلین آبادیوں ، عبادت گاہوں ، اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے ۔
فلسطین میں اس وقت قحط اور انسانی المیہ ہے اس کے باوجود بھی وہاں کے بچے مرد وزن بجائے خوف اور ڈر کے ابھی تک اسرائیلی فورسزکے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے ہیں اور وہ تمام عالم اسلام سےاپیل کرتے ہیں کہ ان کے حق میں آواز اٹھائی جائے۔
رمضان المبارک کے آخری جمعتہ الوداع کو یوم القدس ہر سال کی طرح امسال بھی بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ تمام یونٹس اور تحصیل بھی اس دفعہ مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کریں اور ان کے حق میں عوامی شرکت سے بھرپورریلیوں کا انعقاد کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہو۔