وحدت نیوز(اسلام آباد) کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ نائب امام یعنی ولی فقیہ کی اطاعت عالم اسلام اور عالم تشیع کی عزت و سربلندی کا سبب ہے۔ جن ممالک اور جن تحریکوں نے ولی خدا یعنی نائب امام کی اطاعت کی انہیں عزت و سربلندی اور کامیابی نصیب ہوئی۔ ذلت ورسوائی اور شکست ان کا مقدر بنی جنہوں نے نائب امام کی اطاعت کو ترک کیا۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ العظمیٰ سید کاظم حائری نے ولی فقیہ رہبر مسلمین کی اطاعت کا پیغام دے کر عراق سمیت عالم اسلام اور عالم تشیع پر حجت تمام کی ہے ان کے اس واضح اور صریح پیغام کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ عالم اسلام اور مکتب تشیع کے علماء کو چاہیے کہ وہ آیت اللہ العظمیٰ حائری کی طرح مصلحتوں اور مفادات سے بالاتر ہو کر صریح اور دو ٹوک انداز میں قوم کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے خدا کو چھوڑ کر شیطان اور اس کے چیلوں پر اعتماد کیا وہ خسارے میں رہتا ہے۔ مقتدیٰ الصدر نے شہید آیت اللہ باقر النمر رحمۃ اللہ علیہ اور سینکڑوں مظلوم انسانوں کے قاتل بن سلمان سے ملاقات کی اس سے برملا امداد وصول کی اور سرزمین عراق میں مومنین کے درمیان تفرقہ پیدا کیا اور مرجعیت کے احترام کو نظرانداز کیا، یہی وجہ ہے کہ وہ اسوقت ایک بند گلی میں جاچکے ہیں۔ آیت اللہ العظمیٰ کاظم حائری کا عظیم اعلان انکی جرات اور حق گوئی کی دلیل ہے کہ میرے متعلقین رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی اطاعت کریں، کیونکہ انکی رہبری و قیادت ہی عراق اور عالم اسلام کی عزت و کامیابی کا راستہ ہے۔