وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حج عالم اسلام کا عظیم ترین عالمی اجتماع ہے جو خدا کی عبادت اور بندگی کے ساتھ ساتھ امت مسلمہ کے اتحاد اور وحدت کا مظہر ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان ایک ہی لباس میں خدائے واحد کی بندگی کے لیے جمع ہو کر لبیک اللہم لبیک کی آواز بلند کرتے ہیں۔ قرآن کریم نے حج اکبر کے موقع پر مشرکین سے بیزاری اور برات کا درس دیا ہے۔ حج وہ بہترین مقام ہے جہاں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیے اور اسلام دشمن و انسان دشمن ظالموں سے برائت و بیزاری کا اظہار کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بیت اللہ پر قابض استکباری غلام آل سعود حجاج کرام کو مشرکین سے برات سے روکتے ہیں۔ آل سعود مشرکین سے برائت کی بجائے مشرکین کی اطاعت اور غلامی کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہی سبب ہے کہ حج کے موقع پر فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کے اظہار کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حجاج بیت اللہ الحرام کے لئے رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید علی خامنہ ائ کا پیغام امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے رہبر مسلمین ہر سال حج کے موقع پر عالم اسلام کو شعور و بیداری اتحاد بین المسلمین اور حریت و آزادی اور استکبار ستیزی کا پیغام دیتے ہیں۔ یہی امت مسلمہ کی بیداری اور شعور ہے کہ جس سے مشرکین خوفزدہ ہیں۔