پی ٹی آئی اور ایم ڈبلیوایم کی اعلیٰ قیادت کےدرمیان قومی امور میں سیاسی اشتراک عمل کے جامع معاہدےپردستخط

20 جون 2022

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان قومی امور میں سیاسی اشتراک عمل کا معاہدہ طے پا گیا، دونوں جماعتوں کا "غلامی نا منظور" کا نعرہ زندہ رکھنے اور پاکستانی سرزمین پر کسی ملک کے اڈے قائم نہ کرنے پر اتفاق۔ آزاد خارجہ پالیسی کے بیانیے سے کسی طور روگردانی نہیں کی جائے گی، معاہدہ پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اورچیئرمین ایم ڈبلیوایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے دستخط کر دئیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین عمران خان اور علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے درمیان اعلیٰ سطح وفود کے ہمراہ ملاقات اسلام آباد میں ہوئی ، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے قائدین نے قومی امور میںسیاسی اشتراک عمل کے جامع معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔

دونوں جماعتوں کے درمیان طے شدہ معاہدے کے بنیادی اصولوں کے مطابق وطن عزیز پاکستان کی داخلی وحدت ، سلامتی اور استحکام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا، اسلامی اقدارکا تحفظ ، تحریک پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کی حفاظت اور سیاسی ، اقتصادی اور دفاعی خود انحصاری کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی۔

اسرائیل کے حوالے سے قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی دی ہوئی گائیڈ لائن سے کسی قسم کی روگردانی نہیں کی جائےگی اور کشمیر وفلسطین کے موضوع پر اپنے اخلاقی قانونی نقطہ نظر سے کسی قسم کا انحراف نہیں کیا جائےگا۔

پاکستان دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہاں ہے ، مسلم ممالک کے ساتھ اتحاد وحدت کو خصوصی حیثیت حاصل ہوگی، ملکی معاملات میں غیر ملکی مداخلت کو روکنا خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہوگا۔

مسلم ممالک کے باہمی تنازعات میں مذاکرات کے ذریعے راہ حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی اور ان تنازعات میں فریق نہیں بنا جائے گا، دوست پڑوسی ممالک سے تعلقات کو خصوصی حیثیت حاصل ہوگی۔

گلگت بلتستان کو مکمل آئینی صوبہ بنایا جائے گا۔

وطن عزیز پاکستان میں ظلم کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی، پسماندہ اور استحصال شدہ طبقے کی بحالی اولین ترجیح ہوگی۔

ہمیں غلامی قبول نہیں ، پاکستانی سرزمین کسی بھی ملک کو فوجی اڈوں کیلئے نہیں دی جائے گی، پاکستان کے فیصلے اسلام آباد میں ہی ہوں گے، آزاد خارجہ پالیسی اور داخلی خودمختاری ہمارے بنیادی اصولوں میں سے ہے اور اس بیانئے سے کسی طرح بھی رو گردانی نہیں کی جائے گی۔

دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اس معاہدے کو خوش آئند اور باوقار پاکستان کے لیے اہم دستاویز قرار دیا۔اس ملاقات میں پی ٹی آئی کی جانب سے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، سابق وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، ایم ڈبلیوایم کی جانب سے وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی جنرل سیکریٹری ناصرشیرازی، مرکزی پولیٹیکل سیکریٹری اسدعباس نقوی، مرکزی سیکریٹری امپلائزونگ ملک اقرار حسین ،محسن شہریار و دیگر بھی موجود تھے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree