وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے پر کڑی تنقید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے جن اقدامات کو عوام کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے تحریک انصاف ان کے خلاف دھرنے دیتی رہی ہے آج وہی فیصلے دہرائے جا رہے ہیں۔موجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کر سکی۔حکومت کے غیر دانشمندانہ اقدامات اس کی رہی سہی ساکھ کو بھی تباہ کر رہے ہیں۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے تمام طبقے شدید متاثر ہیں۔اگر عوام سڑکوں پر نکل آئے تو پھر حالات حکومت کے قابو میں نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لے کر اپنی مشکلات میں کمی کر سکتی ہے۔یہ وقت عوام کو ریلیف دینے کا ہے۔اشیائے خورد ونوش کی ہوشربا قیمتوں سے عوام کی زندگی پہلے ہی اجیرن ہو چکی ہے۔موجودہ حکومت کے ووٹرز اور سپورٹرز کی آس امید مایوسی میں بدل رہی ہے۔وزیر اعظم عمران خان خیالی دنیا سے نکل کر حقیقت کا ادراک کریں۔انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔