وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی شعبہ اطلاعات کی جانب سے صوبائی سطح پر تربیتی میڈیا ورکشاپس کے انعقادِ کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع کے لیے 15 اور 16 جنوری کو لاہور میں جبکہ صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے جنوری کے آخری ہفتے کے دوران کراچی میں دو روزہ میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات مظاہر شگری کے مطابق ان ورکشاپس میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات شریک ہوں گے۔ورکشاپس کے انعقاد کا مقصد میڈیا کے نئے رجحانات،فنی تقاضوں اور مثبت استعمال کے طریقوں سے آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ہر سال ایسی ورکشاپس کا انعقاد کرتی ہے جس میں پرنٹ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ماہرین شرکاء کی استعداد کار میں اضافے کے لیے خصوصی رہنمائی کرتے ہیں۔ماضی میں جو لڑائی میدان جنگ میں لڑی جاتی تھی آج اسے میڈیا کے ذریعے لڑا جا رہا ہے۔جو قومیں نوجوانوں کے فکر و شعور کو ا اجاگر کرنے میں سستی کا مظاہرہ کرتی ہیں ان کا مستقبل داؤ پر لگ جاتا ہے۔ میڈیا کو ایک موثر ہتھیار تب ہی کہا جا سکتا ہے جب اس کا استعمال دانش و حکمت اور بصیرت سے کیا جائے۔ میڈیا کے غلط استعمال کا فائدہ ہمیشہ مخالفین کو ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا ورکشاپس نوجوانوں کو ذمہ دار شہری اور حقیقی معنوں میں محب وطن بننے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔