وحدت نیوز(ڈیرہ غازی خان) مجلس وحدت مسلمین ڈیرہ غازیخان کی ضلعی شوریٰ کا اجلاس ضلعی سیکرٹری جنرل سید انعام حیدر زیدی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی اور صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں مولانا طاہر عباس کراروی سمیت دیگر رہنمابھی شریک تھے، اجلاس میں گزشتہ ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین منتخب اضلاع میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی، پاکستان اس وقت مشکل دوراہے پر کھڑا ہے ایک طرف طالبان کے ساتھ مذاکرات اور قبول کرنے کا مسئلہ ہے تو دوسری طرف طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کے لیے دباو ٔڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی اور بدعنوانی عروج پرہے تو دوسری طرف ملک میں سیاسی بحران میں تیزی آگئی ہے۔