وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین شعبہ جوان لاہور کے زیر اہتمام وحدت ہاؤس پنجاب میں لاہور کے جوانوں کے لیے تربیتی نشست ناصران امام زمانہ علیہ السلام عج کا انعقاد کیا گیا ۔تربیتی نشست سے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے خطاب کیا۔ تربیتی نشت میں صوبائی سیکرٹری یوتھ پنجاب سید سجاد نقوی ، ڈپٹی سیکرٹری یوتھ سنٹرل پنجاب عرفان حسینی ، نامزد ڈپٹی سیکرٹری یوتھ سنٹرل پنجاب کاظم علی ، صوبائی یوتھ کونسل کے ممبران ، شعیب جعفری ، کامران جعفری ، سجاد حیدر، سیکرٹری یوتھ ضلع فیصل آباد ڈاکٹر عبد الرؤف ، سیکرٹری یوتھ سنٹرل لاہور ندیم جنجوعہ ، سیکرٹری یوتھ غربی لاہور فیضان نقوی اور دیگر جوانوں نے شرکت کی۔
تربیتی نشست کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وفاقی حکومت کے مذاکرات کے خلاف قرار داد کی منظوری خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا راستہ روکنے اور آئین کی بالادستی کے لیے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو واضح اور ٹھوس موقف اپنانے کی ضرورت ہے،وزیراعلیٰ ندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو اس نازک صورتحال میں جرات مندانہ موقف اپنانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں،وطن عزیز سے دہشت گردی کا خاتمہ ہر محب وطن کی ترجیح ہے۔ ان شدت پسند عناصر سے قطعاَ کوئی رعایت نہیں برتی جا سکتی جنہوں نے ہمارے سکول جانے والے معصوم بچوں کو ذبح کیا ہے۔جنہوں نے مختلف شعبوں کے ماہرین کو چن چن کر قتل کیا۔جنہوں نے ہمارے مساجد، امام بارگاہوں، میلاد النبی اور مجالس کی تقریبات میں خون کی ہولی کھیلی۔ وہ قوتیں جو پاکستان کے آئین اور وجود کی کھلم کھلا مخالفت کرتی ہیں ان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ دانش و بصیرت سے عاری اقدام ہے۔معمولی سا سیاسی شعوری اور جمہوری وژن رکھنے والا شخص بھی ایسے کسی فیصلے کی حمایت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کا وقار اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ہمیں ہر شے پر مقدم ہیں اور ہر اس فیصلے کی مکمل طور پر تائید کی جائے گی جس سے وطن عزیز کے دشمنوں کی حوصلہ شکنی ہوتی ہو۔