وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے ٹھٹہ کے کوہستانی علاقے میں بے گناہ نوجوان ناظم جوکھیو کے نا حق قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقام افسوس ہے کہ عرب شہزادے پاکستان کی مقدس دھرتی کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں۔ عرب شہزادوں کی عیاشی اور شکار کا معاملہ یہاں کے عوام کی نظر میں قابل اعتراض ہے۔ اپنی دھرتی اور ناموس کی حفاظت کرنے والے غیرت مند بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عربوں اور انگریزوں کی غلامی پر فخر کرنے والوں نے ہمیشہ قومی عزت و وقار کا سودا کیا۔ شہید ناظم جوکھیو کے خون سے انصاف کیا جائے اور اس ناحق قتل میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ عرب شہزادے کے حکم پر علاقے کے وڈیرے کے ہاتھوں معصوم شہری کے قتل پر پورا سندھ سراپا احتجاج ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عرب شہزادوں کو جاری شکار کے لائسنس رد کرتے ہوئے شہزادوں سرداروں اور وڈیروں کو نایاب پرندوں کے شکار سے روکا جائے۔انہوں نے کہا کہ ناظم جوکھیو نے جرئت اور بہادری سے ظلم کے خلاف آواز بلند کی جس آواز کو دبانے کے لئے اسے قتل کیا گیا مگر یہ آواز مزید طاقتور ہو چکی ہے۔