وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ممتازایٹمی سائنسدان و محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جدائی پر ہر محب وطن کا دل سوگوار اور آنکھ اشکبار ہے۔ڈاکٹر قدیر وہ قومی ہیرو ہیں جنہوں نے ملک کو ایٹمی طاقت بنا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔آج ہمارے ازلی دشمن بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک پر وطن عزیز کی جو ہیبت طاری ہے وہ ہماری ایٹمی طاقت کی بنا پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ پاکستان ایک عظیم شخصیت اور قومی ہیرو سے محروم ہو گیا۔ آنیوالی نسلیں عظیم قومی ہیرو کی خدمات کو ہمیشہ یادرکھیں گی۔