وحدت نیوز(کوفہ/عراق) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری حفظہ اللہ جو ان دنوں اپنے دورہ عراق میں مصروف ہیں انہوں نےایم ڈبلیوایم کے شعبہ امور خارجہ کے مسئولین کے ہمراہ کوفہ یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وہاں رئیس الجامعہ سمیت دیگر اساتیذ سے بھی ملاقات کی ۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ ایم ڈبلیوایم پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس نے جامعتہ الکوفہ عراق کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وائس چانسلر کوفہ یونیورسٹی یاسر لفتہ حسون سے خصوصی ملاقات کی ، علامہ راجہ ناصرعباس نے پاکستانی طلبہ کےکوفہ یونیورسٹی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے داخلے کے حوالے سے گفتگو کی ،جس پر رئیس الجامعہ نے خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ جامعتہ الکوفہ کےدروازے پاکستانی طلاب کے لیئےکھلے ہیں ۔
بعد ازاں علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ( عمادۃ الکلیتہ الآداب)فیکلٹی آداب کے ڈین اورآخر میں رئیس قسم اللغتہ العربیہ اور متعدد پروفیسرزسے بھی ملاقات کی اور یونیورسٹی کے طلباء کےمتعدد تھیسز کے عنوانات کا مطالعہ کیا۔
اس موقع پر شعبہ امور خارجہ کے مسئولین علامہ ضیغم عباس، سید ابن حسن ،علامہ اسرار حسین نقوی و دیگر بھی علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے ہمراہ موجود تھے۔