وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اربعین امام حسین علیہ السلام میں غیر معمولی شرکت پر بزرگوں،نوجوانوں، مستورات اور بچوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول ص سے عشق کرنے والے سب حسینیوں نے مولا امام حسین علیہ السلام سے عہد وفا کو جس خوبصورت انداز سے نبھایا اس پر انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے آل رسول ص سے مودت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔اربعین کے موقع پر ہم نے پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا ہے کہ کوئی طاقت ہمیں نواسہ رسول ص سے عشق کے اظہار سے نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا کہ عزاداروں کو بلاجواز مقدمات کے ذریعے ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا۔امام عالی مقام کے عشق کے جرم میں کاٹی جانے والی ایف آئی آر ہمارے لیے نواسہ رسول سے عشق اور عہد وفا نبھانےکی سند ہے۔ ملت تشیع کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے غیر دانشمندانہ اقدام حکومت کے لیے مسائل میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ہم ایک پرامن اور محب وطن قوم ہیں۔ ہمارے خلاف غیر آئینی ہتھکنڈے استعمال کر کے دبانے کی کوشش بے سود ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا دیگر مسالک کے علماء اور ان معتبر شخصیات کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اربعین کے جلوس میں شرکت کر کے رواداری،اتحاد اور اخوت کی عملی مثال پیش کی۔