وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے یوم دفاع کے موقع پر کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے پاک وطن کے دفاع اور سالمیت کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں 6 ستمبر کے موقعہ پر پاک وطن کے شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاک وطن کے عزت و وقار کے لئے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں فرقہ واریت اور قوم پرستی کے نام پر تقسیم در تقسیم چاہتے۔ ریاستی ادارے دھشت گرد وطن دشمن عناصر کی شرانگیزی پر گہری نظر رکھیں جو فرقہ وارانہ منافرت کے ذریعے ملک دشمن قوتوں کے ایجنڈا کی تکمیل چاہتے ہیں۔
انہوں نے کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر ہونے والے خود کش دھماکے میں 3 سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت اور متعدد افراد کے زخمی ہو نے کے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ہو جاتا تو ملک میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے واقعات کا سدباب کیا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مختلف مکاتب فکر اور قومیتوں کے درمیان اتحاد اور اخوت کے علمبردار ہیں۔ ہم بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناح حکیم الامت حضرت علامہ اقبال اور مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کے افکار کی روشنی میں وطن عزیز کی تعمیر و ترقی اور سربلندی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔