وحدت نیوز(کوئٹہ) شہدائے کربلا کی یاد میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئےمجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی اور ان کے اھداف کی سید الساجدین امام علی زین العابدین علیہ السلام اور حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا نے نہ فقط حفاظت کی بلکہ اسے دنیا تک پہنچایا اور یزیدی سلطنت کے غرور اور جشن فتح کو خاک میں ملا دیا۔ بعض فتنہ پرور ملا یزید لعین کے حمایت میں بول کر کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کر رہے ہیں ان کے خلاف سائبر کرائم کو توہین اھل بیت اور توہین رسالت کا مقدمہ درج کرنا چاہئے۔ ایسے عناصر اپنی گفتگو کے ذریعے اسلامی مقدسات کی توہین کے مرتکب ہو رہے ہیں ایسے شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی وقت کا تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے لئے مذہبی آزادی کا وعدہ کیا تھا اور آئین پاکستان بھی شہریوں کو مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے ایسے میں مجالس عزا اور عزاداری کے انعقاد پر مقدمات کا اندراج آئین و قانون کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ پنجاب میں وسیع پیمانے پر مقدمات درج کر کے مذہبی آزادیوں کو سلب کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کے خلاف قائم تمام تر مقدمات جلد واپس لئے جائیں اور اھل تشیع کی مذہبی آزادی کا احترام کیا جائے۔