وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان اور مرکزی عزاداری سیل کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پنجاب کے شہر بہاولنگر میں دھشتگردی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ جبکہ جی بی کے شہر غواڑی میں شرپسندوں کے ہاتھوں جلوس عزاء پر پتھراؤ اور خواتین پر حملہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے پنجاب کے مختلف مقامات پر عزاداروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام عظیم عبادت اور ہمارا بنیادی حق ہے پاکستان کا آئین اور قانون ہمیں مذہبی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔ مگر پنجاب صوبے کے مختلف مقامات پر عزاداروں کے خلاف مقدمات درج کرکے ہماری مذہبی آزادی اور ہمارے بنیادی انسانی حق پر حملہ کیا گیا ہے پنجاب کی حکومت اور انتظامیہ اپنے رویوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات واپس لے۔
انہوں نے میرپور خاص ضلع کے شہر جمس آباد میں جلوس عزا میں رکاوٹ ڈالنے اور عزاداروں کے خلاف بے بنیاد مقدمے کی مذمت کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ انکوائری کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ صدیوں سے شیعہ سنی وحدت اور اتحاد بین المسلمین کا علمبردار رہا ہے۔ جہاں آج بھی نواسہ رسول حضرت امام حسین عالی مقام علیہ السلام کے غم میں تمام مکاتب فکر کے مسلمان مل کر عزاداری کرتے ہیں۔ سندھ کے اندر بسنے والے ھندو بھی شہدائے کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام سے اپنے عشق و عقیدت کا اظہار کرتے ہیں لہذا یہاں شیعہ سنی مسلمانوں کے درمیان تفرقے کی سازش ناکام ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اھل سنت محب اھل بیت ہیں اور وہ شہدائے کربلا کی یاد میں سبیلیں اور مجالس ذکر امام حسین علیہ السلام قائم کرکے ناصبی دشمنان اھل بیت کی سازش کو ناکام بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران دشمن فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی سازش کرتا ہے جسے مل کر ناکام بنانا ہے۔ اتحاد بین المسلمین اور حب الوطنی کے ذریعے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیں گے۔