وحدت نیوز (راولپنڈی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےزیر اہتمام لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقدہ قرآن واہل بیت ؑ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے رکن مرکزی شوریٰ عالی اور شہید قائد کے شاگرد رشیدعلامہ محمد اقبال بہشتی نے کہاکہ 70 کی دہائی سے شہید قائد کی قومی واجتماعی خدمات کا سلسلہ شروع ہوا، انہیں نے نجف کی سرزمین پر صدام جیسے ڈکٹیٹر، قم کی سرزمین پر شاہ جیسے ڈکٹیٹر اور پاکستا ن کی سرزمین پر ضیاء جیسے بدنام زمانہ ڈکٹیٹر کا ڈٹ کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذلت قبول کرنے کے بعد اگر آپ کوعزت اور آزادی کی قیمت کے بدلے اقتدار، اختیار اور طاقت ملےاس سے موت بہتر ہے، شہید نے ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا، شہید قائد نے پاکستان میں ولایت فقیہ کا پرچم اس وقت بلند کیا جب کو ئی اس اصطلاح سے بھی واقف نہیں تھا، امام خمینیؒ کی پیروی کے جرم میں انہیں قم اور نجف بدر بھی کیا گیا لیکن انہوں نے حق اور سچ کا راستہ ترک نہیں کیا ۔