وحدت نیوز(اسلام آباد) شہید قائد ملت جعفریہ پاکستان شہید علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی 33 ویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سےتاریخی لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان قرآن واہل بیتؑ کانفرنس منعقد کی گئی ۔ کانفرنس میں جہاں ملک بھر سے ہزاروں عاشقان وپیروان شہید حسینیؒ نے بھرپور شرکت کی وہیں اس اجتماع میں اہل سنت علماء واکابرین و قائدین کی شرکت بھی مثالی تھی ، قرآن و اہل بیتؑ کانفرنس میں جہاں ملک بھر سے شریک نمائندہ علماء نے خطاب کیا وہیں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، تحریک اہل حرم پاکستان کے چیئرمین مفتی گلزار نعیمی ، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) کے مرکزی جنرل سیکریٹری پیر صفدر گیلانی، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی جنرل سیکریٹری خرم نواز گنڈا پور نے بھی اپنے اپنے خطابات میں شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، تمام اہل سنت قائدین نے تاریخی اجتماع کے انعقاد اور شیعہ سنی وحدت کے عملی اظہار پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے تمام کارکنان اورخصوصاً سربراہ مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کو خراج تحسین پیش کیا۔
اہل سنت مقررین نے کہا کہ شہید عارف حسینیؒ کسی خاص مکتب فکر کے نہیں بلکہ ملت پاکستان کے عظیم شہید ہیں جنہوں نے عالمی استعماری قوتوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، علامہ عارف حسینیؒ، شہید حسن جان اورشہید سرفراز نعیمی پوری امت کے شہیدہیں۔ ہم ان کے شہداء کے راستے پر گامزن رہیں گے اور وطن عزیز میں دشمن قوتوں کے منصوبوں کوکسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔اہل سنت علماء نے اس تاریخی اجتماع شرکت کو اپنے لئے عظیم سعادت قرار دیتے ہوئے دعوت خطاب دینے پر مجلس وحدت مسلمین کا شکریہ ادا کیا۔