وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس نقوی نے گلگت کا دوروزہ دورہ مکمل کر لیا۔ اپنے دورے کے دوران کے انہوں نے گلگت ڈویژن میں سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔حلقہ چار کے تنظیمی مسؤلین سے ملاقات کے دوران انہوں نے سیاسی فعالیت اور عوامی رابطوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مفادات کی سیاست کا مقابلہ خدمت کی سیاست سے کرنا ہے۔ عوامی حقوق کے حصول کے لیے ہمیں ہر میدان میں تیار رہنا ہو گا۔انہوں نے حلقہ چار سے مجلس وحدت مسلمین کے امیدواران ڈاکٹر علی محمد اور حاجی رضوان سے ملاقات بھی کی اور ان سے انتخابی مہم کے سلسلے میں سوال جواب کئے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ چار نگر سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ حتمی ہے ۔تمام کارکنان پوری لگن اور ولولے کے ساتھ انتخاب میں کامیابی کے لیے تگ و دو کریں۔ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی استحکام اولین شرط ہے۔سیاسی عمل سے دوری قوموں کو کمزور اور بے وقعت کر دیتی ہے۔ہم علوی سیاست کے پیروکار ہیں اور اپنی قوم کو مضبوط سیاسی قوت بنانے کے لیے شبانہ روز کاوشیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ اپنی بھرپور صلاحیتوں اور انتھک محنت کے ساتھ الیکشن مہم کا آغاز کریں۔