وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کوئٹہ میں پاک فوج پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں جو وطن عزیز پاکستان میں بے گناہ انسانوں کو نشانہ بناتے ہیں افغانستان میں جاری لڑائی کے منفی اثرات سے ہمسائے بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ بھارت امریکہ اور اسرائیل کی اسلام دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں وطن عزیز پاکستان میں ہمیں دشمن کی سازشوں پر گہری نظر رکھنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے ان بہادر فوجی جوانوں پر فخر ہے جو ملک و قوم کی حفاظت کے لئے قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین وطن عزیز پاکستان میں حب الوطنی اور امن و اخوت کی علمبردار ہے جس نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف صف اول میں جدوجہد کی ہے۔ بلوچستان کی دھرتی بے گناہ انسانوں کے خون ناحق سے رنگین ہے لہذا اب وقت آ چکا ہے کہ دھشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئےفیصلہ کن آپریشن کیا جائے۔