وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ تشیع کی تاریخ قیام اور قربانیوں سے عبارت ہے ہماری چودہ سو سالہ تاریخ راہ حق میں شہادت قید اور صعوبتوں پر مبنی ہے۔ ہم آج بھی انسان دشمن ظالمانہ سامراجی نظام خصوصاً امریکہ کے صف اول کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کا سامراج مخالف پیغام قرآن و سنت سے ماخوذ ہے جو اب عالمی انقلابی تحریک میں بدل چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں جو ملک میں سامراجی امریکی مداخلت کے خلاف ہیں اور حقیقی معنوں میں ایک آزاد اور خودمختار پاکستان چاہتے ہیں۔ ظلم اور ظالم کے خلاف اٹھنے والی آواز کی ہم نے ہمیشہ حمایت کی ہے جبکہ ہر ظالم کی مخالفت اور ہر مظلوم کی حمایت ہمارے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان میں ہزاروں مسنگ پرسنز ہیں جبکہ بلوچ سر زمین قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود اس دھرتی کے باشندے مظلوم اور مفلوک الحال ہیں۔ پاکستان کے علماء اور مذہبی جماعتیں اس ملک میں جاری ظلم اور نا انصافی پر صدائے احتجاج بلند کریں۔ قرآن کریم نے حق گوئی کی تاکید کرتے ہوئے باطل کو حق کا لباس پہنانے اور حق کو چھپانے سے منع کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 73 کے آئین اور 1940 کی قرارداد کی روشنی میں چلایا جائے۔ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالادستی ملکی استحکام کی ضمانت ہے۔اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے انہیں بلوچ تاریخ سے متعلق کتاب کا تحفہ پیش کیا۔