وحدت نیوز(اسلام آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے ممتاز عالم دین اور فعال مذہبی شخصیت آغا سید علی الموسوی کی نویں برسی کے موقع پر اپنے تعزیتی پیغام میں ان کی قومی و مذہبی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آغا علی موسوی ایک باعمل،متقی اور ہر دلعزیز شخصیت تھے،ان کے اندر قوم کا بے پناہ درد تھا۔آپ نے زندگی کا بیشتر حصہ اپنی قوم کو حقیقی اسلامی افکار اور مکتب اہلبیت اطہار علیہم السلام کی تعلیمات سے روشناس کرنے میں بسر کیا۔وہ شہید قائد عارف حسینی ،علامہ مفتی جعفر اور شہید ڈاکٹر علی نقوی کے ایک بااعتماد اور بابصیرت ساتھی تھے۔پاکستان کی تاریخ تشیع کے وہ چشم دید گواہ تھے جن کا ہر لفظ مصدقہ اور حقائق کے عین مطابق تھا۔انہوں نے اپنی قوم کو اپنی ذات پر ہمیشہ مقدم رکھا۔ ان کا ہر عمل ملت تشیع کی سربلندی اور فکری و نظریاتی دفاع کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا اس طرح کی شخصیات مدتوں میں پیدا ہوتی ہیں۔ان کی بابصیرت وحکیمانہ تعلیمات نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔