وحدت نیوز(وزیرآباد)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وزیر آباد دورے کے دوران کشمیر فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمیں اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے۔اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔جو قوتیں مذہبی آزادی کے آئینی حق پر قدغن لگانا چاہتی ہیں انہیں ملت تشیع کی طاقت کا اندازہ نہیں۔ہم مرنا قبول کر سکتے ہیں لیکن عزاداری پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔پنجاب حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ وہ تشیع کے خلاف پارٹی بننے سے گریز کرے۔ پنجاب میں عزاداروں کے خلاف بے بنیاد مقدمات کا اندراج قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اپنے اختیارات سے تجاوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس میں موجود متعصب افسران ایسے غیر قانونی اقدامات سے باز رہیں۔ ملت تشیع کے ساتھ کسی بھی زیادتی کی اجازت نہیں دینگے۔قانون کی بالادستی کا مطلب عدل و انصاف کا قیام ہے جو شخص قانون کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھ کر متعصبانہ طرز عمل اختیار کرے گا اسے مقتدر اداروں کے ذریعے احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزاداران امام حسین علیہ السلام کے خلاف قائم بے بنیاد مقدمات کو فوری طور پر خارج کیا جائے۔
انہوں نے کہا مذہبی منافرت کا پرچار کرنے والے عناصر دوبارہ متحرک ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد فرقہ واریت پھیلا کر صوبے کے امن و استحکام کو نقصان پہچانا ہے۔قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ ایسے عناصر کی بیخ کنی کے لیے موثر اقدامات کریں۔مذہبی آزادی ملک میں بسنے والے ہر شخص کا آئینی حق ہے۔کسی کو اپنا عقیدہ دوسروں پر تھوپنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ملت تشیع ایک پُرامن قوم ہے۔قیام پاکستان سے آج تک ہم نے ہمیشہ اتحاد واخوت کی بات کی۔ہم اپنے عقیدے پر کسی کو انگلی اٹھانے کی اجازت نہ دینے اور دوسروں کے عقیدے کو نہ چھیڑنے کے قائل ہیں۔