وحدت نیوز (کراچی) بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں علمائے کرام، ذاکرین عظام اور طلاب دینیہ کے ساتھ خصوصی فکری نشست سے اپنے خطاب میں علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ شہید سلیمانی دنیائے اسلام کے ایک عظیم مجاہد اور مقامات مقدسہ کے نڈر مدافع تھے، استکباری و صیہونی قوتیں انہیں ایک تیز دھار ننگی تلوار سے زیادہ خطرناک سمجھتی تھیں، ان کی زندگی کا واحد مقصد اسلام کی سربلندی اور دشمنان اسلام کی نابودی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن، شام اور عراق میں ذلت آمیز شکست کے بعد امریکہ کی طاقت دم توڑ رہی ہے، اپنی اکھڑی ہوئی سانسوں کو بحال کرنے کی ناکام کوشش میں مصروف عالمی دہشت گرد امریکہ کا اصل چہرہ ساری دنیا کے سامنے آشکار ہوچکا ہے، طاقت کے توازن کی مغرب سے مشرق کی طرف منتقلی کے عمل کو روکنے کیلئے استکباری بلاک مذموم سازشوں میں مصروف ہے، اس کے مقدر میں اب سوائے ناکامی کے اور کچھ نہیں، سردار قاسم سلیمانی سمیت دیگر شہداء کے خون کا بدلہ قدرت اپنی طاقت سے لے گی، شہیدوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔
اس موقع پر علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مرزا یوسف حسین،علامہ شیخ احمد علی نوری، علامہ صادق جعفری، علامہ محمد رضا جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ نثار قلندری اور علامہ سجاد شبیر رضوی ، علی حسین نقوی ،علامہ اظہرحسین نقوی، علامہ آل حسن رضوی سمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام، آئمہ مساجد، ذاکرین عظام اور طلاب دینی نے شرکت کی۔