وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ حکومت مخالف جماعتوں کا واویلا جمہوریت کے لئے نہیں بلکہ اپنی لوٹ مار پر پردہ ڈالنے کے لئے ہے۔وہ سیاسی جماعتیں جو کل تک ایک دوسرے پر الزام تراشیاں کرتی رہیں آج اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے یک جاں ہوں گئی ہیں۔ان کے احتجاج ملک و قوم کے لیے نہیں بلکہ قومی خزانے کی لوٹ مار سے بنائے گئے اثاثوں کے تحفظ کے لیے ہے۔جمہوری بالادستی کی آڑ میں ملک و قوم کےخلاف کسی بھی سازش کو عوام کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی بزدلانہ کاروائیاں ہماری قوم کے عزم و حوصلوں کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔وطن عزیز کا ہر باشعور شہری بھارتی عزائم سے آگاہ ہے۔ملک دشمنوں کی کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوم مل کر دے گی۔وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کا دفاع ہماری زندگی کی اولین ترجیح ہے۔اپنے اس موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی ارض پاک کے لیے ان گنت قربانیاں ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ جی بی کے عوام کی محرمیوں کے ازالے کو قومی فریضہ سمجھ کر تمام ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم نے ایک طویل اور صبر آزما جنگ لڑی ہے۔جو عناصر اسے ناکام بنانا چاہتے ہیں وہ ناپختہ فکر اور انتہا پسندانہ سوچ رکھتے ہیں۔انتہا پسندی کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی بھی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے ذمہ دار اداروں کو بغیر کسی دباو کے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔نیب اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی خزانہ لوٹنے والوں کی بد دیانتیوں کو منظر عام پرلائیں تاکہ عوام کے سامنے ان کے اصل چہرے بے نقاب ہوں۔