وحدت نیوز (سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم کے سلسلے میں سکردو پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ائیرپورٹ پر علماء،کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔گمبہ سکردو میں استقبالیہ ریلی سے خطاب کے بعد قائد وحدت ایک جم غفیر کے ساتھ شگر روانہ ہوئے۔شگر میں تحریک انصاف کے امیدوار اعظم خان کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اس بھرپور پذیرائی پر اہلیان علاقہ کا شکریہ ادا کیا۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جی بی کے باشعور اور غیور عوام نے ہمیشہ حق وصداقت کی تائید ہے۔ماضی میں جن سیاسی قوتیں نے لفظوں اور اعداد وشمار کے ہیر پھیر سے انہیں ورغلانے کی کوشش کی آج وہ جماعتیں اپنی شرمندگی چھپاتی پھر رہی ہیں۔حالیہ انتخابات میں ان سیاسی جماعتوں کا احتساب کیا جائے گا جو جی بی کے عوام کے آئینی حق کی مخالفت کر رہے ہیں، جو اقتدار سے باہر رہ کر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر راضی نہیں اگر انہیں اقتدار مل گیا تو پھر یہاں کے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کے بھی لالے پڑ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کے انتخابی اتحاد کا مرکزی نکتہ جی بی کے عوام کی امنگوں کے مطابق صوبے کے قیام کا اعلان تھا۔ہم نے سانحہ چلاس سے لے کر آج تک ہر فورم پر گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑی ہے۔ہم نے اپنے اصولی موقف سے کبھی پسپائی اختیار نہیں کی۔گلگت بلتستان کے عوام سے یہ وعدہ ہے کہ آئینی صوبے کے قیام سے لے کراعلی تعلیم، جدید طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات زندگی کے حصول تک ہماری جدوجہد اسی انداز سے جاری رہے گی۔
گلگت بلتستان کے معدنی وسائل اس قدر وافر ہیں کہ ماضی کی حکومتیں اگر ان پر توجہ دیتیں تو غیر معمولی مالی فوائد حاصل کیے جا سکتے تھے۔ کچھ طاقتوں نے بیرونی سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے لیے شدت پسندی کو ہوا دی اور یوں ایک پرامن علاقے کو دانستہ طور پر پر خطر بنا دیا گیا۔۔
انہوں نے کہا کہ محض دعووں اور کھوکھلے نعروں کی بنیاد پر عوام کو دھوکہ دینے والوں پر یہ واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ ان کا وقت گزر چکا ہے۔عوام کا سیاسی شعور اب بلند ہے۔اب وہ کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔تحریک انصاف نے عبوری صوبے کا اعلان کر کے جی بی کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھا ہے۔یہ جماعت برسراقتدار آ کر عوام کی ہر مشکل کا ازالہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ میرا عوام سے وعدہ ہے کہ اگر تحریک انصاف نے الیکشن جیتنے کے بعد عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہ کیے تو ہم حکومت کی بجائے عوام میں کھڑے نظر آئیں گے۔انتخابی جلسے میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس، مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی، علامہ علی احمد نوری اور علامہ علی انصاری سمیت متعدد مذہبی و سیاسی شخصیات موجود تھیں۔