وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے جمیعت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد سے ملاقات کی اور انہیں فلسطین فاؤنڈیشن بلوچستان کے زیر اہتمام جمعہ 25 ستمبر کو منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت قبلہ اول بیت المقدس اور فلسطین کے خلاف سامراجی سازشیں جاری ہیں متحدہ عرب امارات کے بعد بحرین کی طرف سے غاصب صہیونی ریاست کو تسلیم کرنا المیہ ہے جو فلسطينيوں کے ساتھ خیانت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے عوام نے ہمیشہ تحریک آزادی فلسطين کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتیں مظلوم فلسطينيوں کے حق میں آواز بلند کریں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد نے کہا کہ ہم تحریک آزادی فلسطین کے حامی ہیں ،بیت المقدس اور قبلہ اول ہماری محبت اور عقیدت کا مرکز ہے اور ہم نے ہمیشہ تحریک آزادی بیت المقدس کی حمایت کی ہے ،انشاءاللہ فلسطين کانفرنس میں جمعیت علماء اسلام کا ایک وفد شریک ہوگا۔